افریقہخبریں

ایتھوپیا میں ماہِ مبارک رمضان؛ روحانیت، روایتی رسوم، خاندانی یکجہتی اور اجتماعی افطار کا حسین امتزاج

ماہِ رمضان ایتھوپیا میں مسلمانوں کے لئے محض ایک مذہبی موقع نہیں بلکہ خاندانی یکجہتی کو مضبوط کرنے، قدیم روایات کو زندہ کرنے اور عبادی و ثقافتی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کا سنہری موقع ہوتا ہے۔

گھرانے اور مقامی برادریاں مساجد اور گھروں کو سجا کر، تعلیمی پروگرام منعقد کر کے اور اجتماعی افطار کا اہتمام کر کے رمضان کی روح کو تازہ کرتی ہیں اور ایک روحانی و سماجی فضا قائم کرتی ہیں۔

آپ کی توجہ اس سلسلہ میں اپنے نمائندے کی رپورٹ کی جانب مبذول کراتے ہیں:

ایتھوپیا میں ماہِ مبارک رمضان روحانیت، روایات اور سماجی ہم آہنگی کا خوبصورت امتزاج پیش کرتا ہے۔ اس ملک کے مسلمان نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ اس مبارک مہینے کے دینی اور ثقافتی مناسک ادا کرتے ہیں۔

مساجد اور محلّوں میں نمازِ جماعت کا اہتمام کیا جاتا ہے، اجتماعی تلاوتِ قرآن اور شبانہ دینی نشستیں منعقد ہوتی ہیں۔

العربیہ چینل کی رپورٹ کے مطابق، رمضان خاص طور پر اُن مہاجرین کے لئے بھی ایک موقع ہوتا ہے جو اس مہینے میں اپنے وطن اور خاندان کے پاس واپس آتے ہیں تاکہ یہ بابرکت ایام اپنے عزیزوں کے ساتھ گزار سکیں۔

رمضان سے قبل گھروں اور مساجد کو خصوصی انداز میں سجایا جاتا ہے اور افطار و سحری کے لئے خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔

ایتھوپیا میں افطار کے دسترخوان پر مقامی اور روایتی کھانے پیش کئے جاتے ہیں، جو دالوں، گوشت، دودھ اور اس کی مصنوعات جیسے دہی اور مکھن پر مشتمل ہوتے ہیں۔

روایتی روٹی "انجرا” بھی مقامی مصالحوں کے ساتھ رمضان کے دسترخوان کا اہم حصہ ہوتی ہے۔

رمضان کی نمایاں روایات میں "مسحراتی” بھی شامل ہیں، جو رات کے وقت لوگوں کو سحری اور نمازِ فجر کے لئے بیدار کرتے ہیں۔

یہ روایت نہایت خوبصورت اور باوقار انداز میں ادا کی جاتی ہے، جو رمضان کی روحانی اور ثقافتی فضا کو برقرار رکھتی ہے۔

دارالحکومت ادیس آبابا کے مرکزی علاقوں میں بڑے پیمانے پر اجتماعی افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے، جن میں عوام، علما، سرکاری عہدیداران اور مختلف سفارت خانوں کے نمائندے شریک ہوتے ہیں۔

یہ تقریبات سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے، مسلمانوں کی ثقافت سے آشنائی اور معاشرے میں پرامن بقائے باہمی کے پیغام کو عام کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔

تعلیمی اور دینی سرگرمیاں بھی اس مہینے کا اہم حصہ ہیں، جن میں حفظِ قرآن، تفسیر کے دروس، حلقہ ہائے دعا اور دینی تعلیمات شامل ہیں۔ ان پروگراموں میں خواتین کی فعال شرکت بھی نمایاں ہوتی ہے، جو رمضان میں دینی و تربیتی شعور کی عکاسی کرتی ہے۔

ایتھوپیا میں ماہِ مبارک رمضان عبادت، روایات، خاندانی اتحاد اور اجتماعی افطار کے حسین امتزاج کے ساتھ منایا جاتا ہے، جو ماضی و حال کے ربط اور افریقہ میں اسلامی روحانیت کی ایک نمایاں جھلک پیش کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button