تاریخ اسلامشیعہ مرجعیت

29 جمادی الثانی؛ یوم وفات آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ لطف اللہ صافی گلپائیگانی رحمۃ اللہ علیہ

آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ لطف اللہ صافی گلپائیگانی رحمۃ اللہ علیہ 19 جمادی الاول 1337 ھ بمطابق 20 فروری 1919ء کو ایران کے شہر گلپائگان میں پیدا ہوئے۔ آپ نے گلپائگان شہر سے ہی حصول علم کا آغاز کیا۔ عربی ادب، کلام، تفسیر قرآن، حدیث، فقہ اور اصول جیسے بنیادی علوم کے اعلیٰ مدارج اپنے آبائی وطن میں طے کئے۔

آپ نے 23 سال کی عمر میں (1360 ہجری میں) قم کی جانب ہجرت کی اور آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد تقی خوانساری رحمۃ اللہ علیہ، آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد حجت کوہ‌ کمرہ‌ای رحمۃ اللہ علیہ، آیۃ اللہ العظمیٰ سید صدر الدین صدر رحمۃ اللہ علیہ، آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد رضا موسوی گلپائگانی رحمۃ اللہ علیہ اور آیۃ اللہ العظمیٰ بروجردی رحمۃ اللہ علیہ جیسے عظیم علماء و فقہاء سے تعلیم حاصل کی. آپ قم میں چار سال تعلیم حاصل کرنے کے بعد نجف اشرف گئے اور ایک سال وہاں مقیم رہے۔

نجف اشرف میں آیۃ اللہ العظمیٰ محمد کاظم شیرازی رحمۃ اللہ علیہ، آیۃ اللہ العظمیٰ سید جمال‌ الدین گلپائگانی رحمۃ اللہ علیہ اور آیۃ اللہ العظمیٰ محمد علی کاظمی رحمۃ اللہ علیہ کے دروس میں شریک ہوئے۔ آپ آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد رضا گلپائگانی رحمۃ اللہ علیہ کے داماد تھے۔

آیۃ اللہ العظمیٰ صافی گلپائگانی رحمۃ اللہ علیہ آیۃ اللہ العظمیٰ بروجردی رحمۃ اللہ علیہ کے ممتاز شاگردوں میں شمار ہوتے تھے۔ آیۃ اللہ العظمیٰ بروجردی رحمۃ اللہ علیہ کی جانب سے آپ فقہی اور کلامی سوالات کے جوابات دینے کے لئے معین تھے اور کتاب منتخب الاثر کی تالیف کی ذمہ داری بھی آپ پر ڈال دی گئی۔

آیۃ اللہ العظمیٰ صافی گلپایگانی رحمۃ اللہ علیہ آیۃ اللہ العظمیٰ بروجردی رحمۃ اللہ علیہ کے خصوصی مشاور اور ہیئت استفتاء کے اراکین میں سے تھے۔ آیۃ اللہ العظمیٰ صافی گلپائیگانی رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی فقہ، اصول، کلام، حدیث اور علم رجال جیسے علوم کی تدریس اور تحقیق میں گزری اور اس سلسلے میں علمی مکتوب آثار بھی چھوڑے ہیں۔

مرجع تقلید آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد رضا گلپائگانی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت کے بعد آیۃ اللہ العظمیٰ صافی گلپائگانی رحمۃ اللہ علیہ 22 نومبر 1993ء کو مرجع تقلید ہوئے۔ آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد رضا گلپائگانی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی وصیت نامہ میں آپ کو مسلّم اور عادل مجتہد کے عنوان سے یاد کیا ہے۔

آیۃ اللہ صافی گلپائگانی رحمۃ اللہ علیہ نے 80 سے زیادہ کتابیں فارسی اور عربی زبان میں تالیف کی ہیں۔ آپ کی بعض کتابوں کا انگریزی اور اردو میں ترجمہ بھی ہو چکا ہے۔ آیۃ اللہ العظمیٰ صافی گلپائیگانی رحمۃ اللہ علیہ کے چند علمی مقالہ جات اور اشعار بھی مختلف رسالوں اور پرینٹ میڈیا پر نشر ہوچکے ہیں۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیخ لطف اللہ صافی گلپائیگانی رحمۃ اللہ علیہ نے 29 جمادی الثانی 1443 ہجری کو قم مقدس ایران میں وفات پائی اور روضہ امام حسین علیہ السلام کربلا عراق میں دفن ہوئے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button