ہندوستان

دہلی میں کینسر کے کیسز میں تیزی سے اضافہ: ماہرین کی جانب سے وجوہات اور علاج میں پیشرفت کا انکشاف

دہلی میں کینسر کے کیسز میں تیزی سے اضافہ: ماہرین کی جانب سے وجوہات اور علاج میں پیشرفت کا انکشاف

نئی دہلی: دہلی میں کینسر کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ بات مرکزی وزیر مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود پرتاپ راؤ جادھو کی جانب سے راجیہ سبھا میں پیش کی گئی رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ رپورٹ، جو انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے نیشنل کینسر رجسٹری پروگرام کے تحت تیار کی ہے، کے مطابق 2024 میں ملک بھر میں 15.33 لاکھ کینسر کیسز درج کیے گئے، جو 2023 میں 14.96 لاکھ اور 2022 میں 14.61 لاکھ تھے۔

رپورٹ کے مطابق دہلی میں 0 سے 74 سال کی عمر کے ہر چھ میں سے ایک مرد اور ہر سات میں سے ایک عورت کو زندگی میں کسی نہ کسی مرحلے پر کینسر لاحق ہونے کا خدشہ ہے۔ مردوں میں اوسط تشخیص کی عمر 58 سال جبکہ خواتین میں اوسط تشخیص کی عمر 55 سال بتائی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں دہلی میں 28,387 کیسز رپورٹ ہوئے، وہیں 2023 میں 27,561 کیسز اور 2022 میں 26,735 کیسز درج کئے گئے۔
ایم او سی کینسر سینٹر کے ماہر ڈاکٹر نکھل ہمتانی کے مطابق 2024 میں رجسٹر ہونے والے مریضوں کی تعداد اگرچہ 28,387 ہے، مگر حقیقت میں یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے، کیونکہ کئی مریض رجسٹری کے نظام میں شامل نہیں ہو پاتے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر ملک میں اموات کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔

لاجپت نگر میں ایم او سی کینسر سینٹر کی کینسر آگاہی مہم کے دوران ڈاکٹر ہمتانی نے بتایا کہ کینسر کی بڑھتی ہوئی شرح کی بنیادی وجوہات بیڑی، سگریٹ، پان، تمباکو، گٹکھا اور دیگر ہیں۔ جبکہ خواتین میں بریسٹ کینسر اور سروائیکل کینسر عام ہیں، وہیں مردوں میں منہ کا کینسر، پھیپھڑوں کا کینسر اور جگر کا کینسر تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کینسر کے علاج میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ پہلے زیادہ تر علاج کیموتھراپی پر منحصر تھا لیکن اب ٹارگیٹڈ تھراپی اور دیگر جدید طریقۂ علاج دستیاب ہیں، جس کے باعث مریضوں کو زیادہ مؤثر اور نسبتاً آسان علاج میسر آ رہا ہے۔ ایک ڈاکٹر کے مطابق دہلی میں متعدد سرکاری اور نجی ہسپتال کینسر کا علاج فراہم کر رہے ہیں، جن میں ایمس کا ڈاکٹر بی آر امبیڈکر روٹری کینسر سینٹر، صفدرجنگ ہسپتال، دہلی اسٹیٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ و دیگر شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button