ٹرمپ نے اخوان المسلمین کی بعض شاخوں کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا حکم دیا
ٹرمپ نے اخوان المسلمین کی بعض شاخوں کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا حکم دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز ایک صدارتی حکم نامہ (ایگزیکٹو آرڈر) پر دستخط کر کے قومی سلامتی کے اعلیٰ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ اخوان المسلمین کی مختلف علاقائی شاخوں کو ممکنہ طور پر غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں (Foreign Terrorist Organizations) کی فہرست میں شامل کرنے کا جائزہ لیں، جیسا کہ اخبار دی ہندو نے رپورٹ کیا۔اس حکم کے تحت وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسینٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ اور انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ کے تحت مخصوص شاخوں کا جائزہ لیں۔
دستاویز میں اخوان المسلمین کو ایک بین الاقوامی تنظیم قرار دیا گیا ہے جس کی متعدد علاقائی شاخیں ہیں، جن میں لبنان، اردن اور مصر کی شاخوں پر خطے میں عدمِ استحکام اور امریکی مفادات کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
حکم نامے کے مطابق لبنان کی شاخ کا عسکری ونگ حماس اور حزب اللہ کے ساتھ مل کر اکتوبر 2023 میں اسرائیل پر حملوں کے بعد راکٹ حملوں میں شریک رہا۔
مصری شاخ کے ایک رہنما نے امریکی اتحادیوں پر حملوں کی ترغیب دی، جبکہ اردنی قیادت پر حماس کی مالی و اخلاقی مدد کا الزام لگایا گیا ہے۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ یہ سرگرمیاں امریکی شہریوں اور اتحادیوں کے لیے خطرہ ہیں۔ امریکی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر ایسی شاخوں کے مالی وسائل اور آپریشنز کو محدود کرے گی جو دہشت گرد قرار دی جائیں گی۔




