ایران میں شدید فضائی آلودگی؛ تعلیمی ادارے اور دفاتر بند
ایران میں شدید فضائی آلودگی؛ تعلیمی ادارے اور دفاتر بند
ایران نے شدید فضائی آلودگی کے باعث کئی صوبوں میں اسکولوں، جامعات اور سرکاری دفاتر کو بند کر دیا یا آن لائن نظامِ کار اختیار کیا ہے۔
ایران وائر کے مطابق جب بڑے شہروں میں آلودگی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی تو ایمرجنسی فورسز نے فوری طور پر تعطیلات اور آن لائن نظام کی ہدایات جاری کیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق کم از کم آٹھ بڑے شہروں میں ہوا کا معیار غیر صحت مند سے خطرناک درجے تک پہنچ گیا۔ صوبہ تہران میں ایئر پولیوشن ایمرجنسی کمیٹی نے اعلان کیا کہ منگل اور بدھ کو اسکولز اور جامعات آن لائن کلاسز کے ذریعے چلیں گی، جب کہ پری اسکول اور پرائمری اسکول پورے ہفتے بند رہیں گے۔
تہران کے سرکاری دفاتر اور بینکوں کے انتظامی شعبے، فیروز کوہ کے سوا، ہفتے بھر کے لیے ریموٹ ورک پر رہیں گے۔ حکام نے بدھ سے شام 8:30 بجے تک طاق و جفت ٹریفک پلان نافذ کر دیا ہے اور ٹرکوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
قزوین، اراک، شازند، ساوہ، یزد، البرز اور مشرقی آذربائیجان کے نو شہروں میں بھی تعلیمی اور سرکاری ادارے آن لائن موڈ میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ فضا میں موجود آلودگی "غیر صحت مند” سے "انتہائی غیر صحت مند” درجہ تک جا پہنچی ہے۔
ماہرین کے مطابق بجلی گھروں میں مازوت کے استعمال اور سرد موسم کی وجہ سے درجہ حرارت میں الٹاؤ (temperature inversion) اس آلودگی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
بعض علاقوں میں اسکولوں کی بندش فلو کی وبا کے باعث بھی کی گئی ہے۔




