پاکستان: پنجاب میں چھ ماہ کے دوران بچوں کیخلاف تشدد کے4150 واقعات سامنے آئے، رپورٹ
پاکستان: پنجاب میں چھ ماہ کے دوران بچوں کیخلاف تشدد کے4150 واقعات سامنے آئے، رپورٹ
پنجاب میں سال رواں کی پہلی ششماہی کے دوران بچوں کے خلاف 4150 سے زائد تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
یہ اعداد و شمار پنجاب میں بچوں کے خلاف تشدد (وی اے سی) پر سسٹینیبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او) کی فیکٹ شیٹ میں ظاہر کیے گئے، جو جنوری تا جون 2025 کے عرصے کا احاطہ کرتی ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 4,150 میں سے 3,989 کیسز میں چالان پیش کیے گئے، جبکہ 3,791 مقدمات زیر سماعت تھے اور ضلعی سطح کے پولیس ڈیٹا کی بنیاد پر روزانہ اوسطاً 23 کیسز رپورٹ ہوئے، جو ’ پنجاب ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013 ’ کے تحت حاصل کیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پچھلے سال کے دوران پنجاب کے رپورٹنگ میکانزم بہتر ہوئے، جس کے نتیجے میں کیسز کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا، تاہم ایس ایس ڈی او نے نوٹ کیا کہ سزاؤں کی شرح انتہائی کم اور فوری توجہ کی متقاضی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جرائم کی تعداد اور شدت کے باوجود ششماہی کے دوران صرف 12 سزائیں ریکارڈ کی گئیں، جس سے سزاؤں کی شرح ایک فیصد سے کم ہے۔
ایس ایس ڈی او نے کہا کہ جنسی زیادتی سب سے تشویشناک زمروں میں سے ایک رہی، جس میں 717 کیسز رجسٹر کیے گئے، 658 چالان کیے گئے اور 581 زیر سماعت تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس زمرے میں 12 بریتیں اور 8 کیسز واپس لیے گئے، لیکن کوئی بھی سزا نہیں ہوئی۔
دریں اثنا، بچوں سے بھیک منگوانا سب سے زیادہ رپورٹ ہونے والا جرم رہی، جس کے 2,693 کیسز پورے صوبے میں درج کیے گئے، جن میں سے 2,674 چالان کیے گئے اور 2,669 زیر سماعت تھے، تاہم کوئی سزا نہیں ہوئی۔
ایس ایس ڈی او کے مطابق استحصال کی دیگر اقسام بھی سنگین خطرات پیدا کرتی ہیں۔ بچوں کی اسمگلنگ کے 332 کیسز میں 4 سزائیں دی گئیں، جبکہ بچوں کی مزدوری کے 182 کیسز میں 8 سزائیں دی گئیں، جو دیگر زمروں کی نسبت سب سے زیادہ ہیں، لیکن جرائم کی تعداد کے مقابلے میں اب بھی انتہائی کم ہیں۔ اسی دوران، 87 جسمانی تشدد اور 27 اغوا کے کیسز میں کوئی سزا نہیں ہوئی۔
مزید کہا گیا کہ بچوں کی شادی کی رپورٹس ابھی بھی شدید طور پر کم ہیں، صرف 12 کیسز پہلی ششماہی 2025 میں رجسٹر کیے گئے اور کوئی سزا یا بریت نہیں ہوئی، جو ثقافتی اور عملی رکاوٹوں کی نشاندہی کرتا ہے جو رپورٹنگ میں رکاوٹ بنتی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ضلعی سطح کے ڈیٹا سے لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور سیالکوٹ بچوں کے استحصال، زیادتی اور اسمگلنگ کے ’اہم ہاٹ اسپاٹس‘ کے طور پر سامنے آئے۔
’لاہور میں جنسی زیادتی، بچوں کی بھکاری بازی اور اسمگلنگ کے سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے، جبکہ ننکانہ صاحب، گجرات اور منڈی بہاالدین میں بھی اسمگلنگ کے رجحانات زیادہ دیکھے گئے۔‘
تنظیم نے کہا کہ اس کے مجموعی نتائج پنجاب کے بچوں کے تحفظ کے نظام میں انتہائی اہم خامیوں، انتہائی کم سزاؤں، ہزاروں زیر سماعت کیسز اور حساس جرائم کی مسلسل کم رپورٹنگ کو ظاہر کرتے ہیں۔
اس نے فوری اصلاحات کا مطالبہ کیا، جن میں تفتیشی صلاحیت کو مضبوط کرنا، مقدمات کی تیز سماعت، محکموں کے درمیان بہتر تعاون، بچوں کے تحفظ کے یونٹس میں توسیع اور کمیونٹی سطح پر رپورٹنگ کو فروغ دینے کے لیے آگاہی مہم شامل ہیں۔
ایس ایس ڈی او نے زور دیا کہ پنجاب میں بچوں کے تحفظ کے لیے حکومت اور معاشرے کے تمام حصوں کی مشترکہ کوشش ضروری ہے تاکہ ہر بچے کے لیے انصاف، جوابدہی اور طویل مدتی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اس ماہ کے آغاز میں، عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور وزارت انسانی حقوق نے بچوں کے خلاف تشدد پر قومی اسٹریٹجک ایکشن پلان تیار کرنے کے لیے مشاورت کا آغاز کیا، جس کا مقصد روک تھام کو مضبوط کرنا اور ملک کے 1.12 کروڑ بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
یہ اقدام پاکستان میں بچوں کے خلاف مختلف اقسام کے تشدد، بشمول قتل، جسمانی و جنسی تشدد، نفسیاتی زیادتی اور لاپرواہی کو حل کرتا ہے۔ یہ منصوبہ ایسے حالات میں سامنے آیا ہے جہاں ہر پانچ سال سے کم عمر کے تین میں سے صرف ایک بچہ پیدائش کے وقت رجسٹر ہوتا ہے اور 1.25 کروڑ سے زائد بچے بچوں کی محنت میں ملوث ہیں۔
مشاورت میں ماہرین شراکت دار، تمام صوبوں اور خود مختار علاقوں کے شرکاء شامل تھے، جو کراچی میں شروع ہوئی اور اسلام آباد میں ختم ہوئی۔
نئی حکمت عملی اقوام متحدہ کے بچوں کے حقوق کے کنونشن اور INSPIRE فریم ورک کے اصولوں پر مبنی ہوگی، جو عالمی ادارہ صحت کی قیادت میں بین الاقوامی اداروں کی جانب سے تیار کردہ ایک شواہد پر مبنی پیکیج ہے۔




