فرانس: مسلم کونسل کا سروے پر سخت ردِعمل — اسلاموفوبیا کو بڑھاوا دینے کی کوشش
فرانس: مسلم کونسل کا سروے پر سخت ردِعمل — اسلاموفوبیا کو بڑھاوا دینے کی کوشش
فرانس کی مسلم تنظیم فرینچ کونسل آف مسلم فیتھ (CFCM) نے ملک میں مسلمانوں سے متعلق نئے Ifop سروے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جسے کونسل کے مطابق منفی بیانیے کو فروغ دینے اور بڑھتی ہوئی اسلاموفوبیا کی فضا کو مزید تقویت دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
یہ بات اناطولیہ ایجنسی کی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔
اپنے بیان میں CFCM نے كہا کہ اگرچہ سروے کو مسلمانوں، اسلام اور اسلامزم کے درمیان تعلق کا تجزیہ قرار دیا گیا، لیکن حقیقت میں اس کا مقصد مسلمان شہریوں اور ان کی مذہبی شناخت کو منفی انداز میں پیش کرنا معلوم ہوتا ہے۔
کونسل نے کہا کہ سروے کے کئی نتائج “مشکوک” ہیں اور انہیں پہلے ہی اسلام مخالف حلقے مسلمانوں کو فرانس کے لیے خطرہ قرار دینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سروے کی کچھ باتیں انتہائی دائیں بازو کے اس بیانیے سے ٹکراتی ہیں کہ مسلمان آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، کیونکہ مسلمان فرانس کی آبادی کا صرف 7% ہیں—جو “گریٹ ریپلیسمنٹ” نظریے کی تردید ہے۔
سروے کے اس نتیجے کو بھی CFCM نے مسترد کیا کہ نوجوان مسلمان “زیادہ سخت مذہبی” یا “زیادہ ریڈیکل” ہیں۔ کونسل کے مطابق:
نوجوان اکثر سماجی دباؤ کے باعث مذہبی وابستگی زیادہ ظاہر کرتے ہیں
جب کہ بڑی عمر کے لوگ اپنی دینداری کم ظاہر کرتے ہیں
لہٰذا سروے کا نتیجہ حقیقت پر مبنی نہیں۔
کونسل نے سروے کی ایک بڑی تضاد کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کی نماز میں شرکت کے جو اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں، وہ فرانس کی موجودہ مساجد کی گنجائش سے کہیں زیادہ ہیں، جو سروے کی ساکھ پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔
ادارہ CFCM نے کہا کہ مذہب جیسے حساس موضوعات پر سروے تیار کرنے اور ان کی تشریح کرتے وقت انتہائی ذمہ داری اور احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔




