خبریںہندوستان

اذان فتح حسینی کا اعلان ہے: مولانا سید احمد علی عابدی

ممبئی۔ خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں نماز جمعہ 7 نومبر 2025 کو حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی صاحب قبلہ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔

مولانا سید احمد علی عابدی نے امام جعفر صادق علیہ الصلاۃ والسلام کی حدیث شریف "ہمارے شیعہ ہماری خوشی میں خوش ہوتے ہیں اور ہمارے غم میں غمگین ہوتے ہیں۔” بیان کرتے ہوئے فرمایا: ہماری نہ اپنی خوشی ہے اور نہ ہی اپنا کوئی غم ہے۔ ہم اہل بیت علیہم السلام کی خوشی میں خوش ہوتے ہیں اور ان کے غم میں غمگین ہوتے ہیں۔ کل حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا یوم شہادت تھا تو ہم نے غم منایا، آج امام زین العابدین علیہ السلام کا یوم ولادت ہے لہذا ہم خوش ہیں۔

مولانا سید احمد علی عابدی نے اپنے استاد علامہ سید وصی محمد اعلی اللہ مقامہ کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا: جب ان کی والدہ کا انتقال ہوا اور ہم سب تدفین کے بعد واپس آئے تو وہ شب کسی معصوم کی ولادت کی شب تھی لہذا مرحوم استاد نے فرمایا "آج ہم غم نہیں منائیں گے، آج ہم مجلس نہیں کریں گے بلکہ آج کی شب محفل ہوگی جس میں میں خود بھی پڑھوں گا۔” کیونکہ ہمارے غم اور خوشی کو آل محمد علیہم السلام کی خوشی اور غم پر کوئی فوقیت نہیں ہے۔ ہم ان کے تابع ہیں وہ جب خوش ہوں گے تو ہم بھی خوش ہوں گے وہ جب غمگین ہوں گے تو ہم بھی سوگوار ہوں گے۔

امام زین العابدین علیہ السلام کے دور امامت کے پر آشوب ماحول کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا سید احمد علی عابدی نے فرمایا: وہ ایسا پر آشوب دور تھا کہ امام حسین علیہ السلام کی شہادت ہو چکی تھی، مکہ اور مدینہ کی حرمتیں پامال ہو چکی تھیں۔ ظلم کا ہر جانب بول بالا تھا۔ لیکن امام زین العابدین علیہ السلام نے ایسے ماحول میں بھی دین کی اس طرح تبلیغ کی اور تحفظ فرمایا کہ آج دین ہم تک پہنچ گیا۔

عبداللہ بن زبیر کا تذکرہ کرتے ہوئے مولانا سید احمد علی عابدی نے کہا کہ یہ وہی عبداللہ ہے جو اپنے باپ کی گمراہی کا سبب بنا، اس کو آل محمد علیہم السلام سے اس قدر دشمنی تھی کہ یہ جمعہ کے خطبوں میں اہل بیت علیہم السلام کا نام نہیں لیتا تھا۔ لہذا ایسی اولاد سے پناہ مانگنی چاہیے جو والدین کی گمراہی کا سبب بنے۔

مولانا سید احمد علی عابدی نے مزید کہا: اسی عبداللہ بن زبیر نے امام زین العابدین علیہ السلام سے بعد واقعہ کربلا پوچھا: کون جیتا؟ تو امام زین العابدین علیہ السلام نے فرمایا: جب اذان کا وقت ہو اور اذان دی جائے اور نماز پڑھی جائے تو سمجھ جانا کہ ہم آل محمد (علیہم السلام) جیت گئے ہیں۔ یہ اذان ہماری فتح کا اعلان ہے۔ یعنی یہ اذان فتح حسینی کا اعلان ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button