جدہ میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا غیرملکی ہلاک، دو ملزمان گرفتار
جدہ میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا غیرملکی ہلاک، دو ملزمان گرفتار
جدہ پولیس نے غیر ملکی شہری کے قتل کے الزام میں دو ایتھوپین باشندوں کو حراست میں لیا ہے۔ ملزمان کا مقتول سے رقم کی لین دین پر اختلاف تھا۔
سبق نیوز نے ادارہ امن عامہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ’ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ جدہ کے ایک نواحی علاقے میں دو ایتھوپین کا ایک انڈین سے منشیات و ممنوعہ اشیا کی خریداری اور رقم پراختلاف ہو گیا، فائرنگ سے انڈین شہری زخمی ہو گیا۔‘
غیر ملکی شہری کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا ’ قتل کے الزام میں دونوں ایتھوپین باشندوں کو گرفتار کرکے انہیں پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد چالان عدالت کو بھیجا جائے گا۔‘
علاوہ ازیں مکہ مکرمہ ریجن میں سکیورٹی فورس نے 1.8 کلو گرام حشیش اور ممنوعہ دواوں کی سمگلنگ کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ منشیات ایک گاڑی میں چھپا ئی گئی تھی۔




