پاکستان

پاکستان : تربت میں ڈپٹی کمشنر کیچ کے قافلے پر دھماکا اور فائرنگ، 6 پولیس اہلکار زخمی

پاکستان : تربت میں ڈپٹی کمشنر کیچ کے قافلے پر دھماکا اور فائرنگ، 6 پولیس اہلکار زخمی

تربت میں ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد بڑیچ کے قافلے پر دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، تاہم ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ سٹی پولیس اسٹیشن کے قریب اس وقت پیش آیا جب ڈپٹی کمشنر کا قافلہ گھر سے دفتر کی جانب جا رہا تھا۔ سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں نصب بم جیسے ہی قافلے کے قریب پہنچا، زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ شروع کر دی۔

دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں اسکواڈ میں شامل چھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول یا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا، تاہم بم کی نوعیت اور حملہ آوروں کے محرکات کا تعین مزید تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ بلوچستان، خصوصاً ضلع کیچ میں، ماضی میں بھی سیکیورٹی فورسز اور سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جب کہ بیشتر حملوں کی ذمہ داری کالعدم علیحدگی پسند تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔ اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button