امریکی پاسپورت دنیا کے 10 طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست سے باہر
امریکی پاسپورت دنیا کے 10 طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست سے باہر
امریکہ دنیا کی واحد سپر پاور طاقت ہے۔ تاہم عالمی سطح پر پاسپورٹ کی درجہ بندی کرنے والی تنظیم ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی رواں برس کے لیے جاری رپورٹ امریکہ کے لیے کسی دھماکے سے کم نہیں ہے کیونکہ وہ دنیا کے 10 طاقتور ترین پاسپورٹ کی فہرست سے باہر ہو گیا ہے۔
گزشتہ برس امریکہ اس فہرست میں ساتویں نمبر پر تھا تاہم صرف ایک برس میں اس کے پاسپورٹ کی پانچ درجہ تنزلی ہوئی ہے، جس کے بعد وہ ملائیشیا کے ساتھ 12 ویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔ 20 برس میں پہلی بار امریکہ ٹاپ ٹین سے باہر ہوا ہے۔
دنیا بھر میں پاسپورٹ کی درجہ بندی کرنے والی تنظیم ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے پاسپورٹ کی 2025 کی درجہ بندی جاری کر دی ہے۔ اس رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد امریکہ کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق امریکی پاسپورٹ 20 سال میں پہلی بار دنیا کے 10 طاقتور ترین پاسپورٹوں کی فہرست سے باہر ہو گیا ہے۔
ہینلے کی اس فہرست میں سنگاپور بدستور پہلے درجے پر فائز ہے۔ اس کے شہریوں کو دنیا کے 193 ممالک میں بغیر ویزہ یا آمد پر ویزا فراہمی کے ساتھ رسائی حاصل ہے۔
جنوبی کوریا اور جاپان بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں، جن کے شہریوں کو 190 اور 189 ممالک تک بغیر ویزا رسائی حاصل ہے۔ جبکہ یورپی ممالک سوئٹزرلینڈ، لکسمبرگ، جرمنی، اٹلی اور اسپین مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ ان ممالک کے شہری 188 ملکوں کو بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
امریکا کے شہری اب صرف 180 ممالک کا ویزا فری سفر کر سکتے ہیں جب کہ وہ خود 46 ملکوں کے شہریوں کو اپنے ملک میں بغیر ویزا انٹری کی اجازت دیتا ہے۔
ہینلے کے مطابق امریکا کے پاسپورٹ کی درجہ بندی میں کمی اس کی سخت ویزا پالیسیوں کی بدولت ہوئی ہے جب کہ اس کا چین، روس، ایران، افریقی ممالک سمیت دیگر اقوام سے بھی سیاسی اور سفارتی تناؤ جاری ہے۔
اس فہرست میں بھارت، پاکستان سمیت کئی ممالک کے پاسپورٹ کی درجہ بندی میں تنزلی بھی ہوئی ہے۔