دمشق کے مضافات میں واقع حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے حرم کے اردگرد کے علاقے میں سیکیورٹی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کی اطلاع ملی ہے، جس کی رپورٹ شام کے انسانی حقوق کے مبصر ادارے نے دی ہے۔
گزشتہ شب البحدلیہ اور الذیابیہ کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے سنی انتہاء پسند نوجوانوں کے ایک گروہ نے الفاطمیہ اسٹریٹ پر آ کر شیعوں کے خلاف توہین آمیز نعرے لگائے اور عوامی املاک پر حملہ کیا۔
روزنامہ الاخبار کے مطابق، شامی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔
تاہم کچھ سنی انتہاء پسند مظاہرین چند منٹ بعد دوبارہ واپس آئے اور فضا میں فائرنگ کر کے علاقے کا ماحول شدید طور پر کشیدہ بنا دیا۔
بدوی قبائل، بصریالشام کے رہائشیوں اور سویداء کے خاندانوں کی موجودگی نے علاقے کی حساسیت میں اضافہ کر دیا ہے اور سیکیورٹی فورسز اب بھی عام شہریوں کے تحفظ کے لئے صورتحال پر قابو رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔