مراکش میں احتجاجات کا سلسلہ جاری؛ نوجوانوں کا حکومت سے استعفیٰ اور عوامی خدمات کے نظام میں اصلاحات کا مطالبہ
مراکش میں احتجاجات کا سلسلہ جاری؛ نوجوانوں کا حکومت سے استعفیٰ اور عوامی خدمات کے نظام میں اصلاحات کا مطالبہ
سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں 3 افراد کی ہلاکت کے باوجود، مراکش کے نوجوانوں کے احتجاجی مظاہرے چھٹی رات بھی جاری رہے۔
مراکش کے بادشاہ نے وعدہ کیا ہے کہ حکومت مظاہرین کی مطلوبہ اصلاحات نافذ کرنے کے لئے تیار ہے، لیکن سڑکوں پر لگنے والے نعروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام سیاست اور معیشت میں زیادہ گہرے تبدیلیوں کے خواہاں ہیں۔
اس سلسلہ میں ہمارے ساتھی رپورٹر کی رپورٹ پر توجہ دیں۔
ہزاروں مراکشی نوجوان جمعرات کی شب 2 اکتوبر کو کاسابلانکا، رباط اور دیگر شہروں میں ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کی بدعنوانی اور نااہلی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے، عوامی خدمات خصوصاً تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہتری کا مطالبہ کیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، احتجاجات اس وقت شدت اختیار کر گئے جب پولیس نے اگادیر کے قریب لقلعہ شہر میں مظاہرین پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
مراکش کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ افراد پولیس کا اسلحہ چھیننے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم عینی شاہدین نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔
مقامی اخبارات کے مطابق، احتجاجات کی قیادت "جنریشن زیڈ 212” نامی تحریک کر رہی ہے، جس کے اراکین زیادہ تر نوجوان اور سوشل میڈیا سے بخوبی واقف ہیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق، جھڑپوں میں 354 پولیس اہلکار زخمی اور ایک ہزار سے زائد مظاہرین گرفتار کئے گئے ہیں۔
مراکش کے بادشاہ نے جمعرات کو اپنی پہلی سرکاری ردِعمل میں مظاہرین کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ بات چیت ہی ملک کے مسائل کا واحد حل ہے۔
انہوں نے وعدہ کیا کہ حکومت مظاہرین کے مطالبات کے مطابق اصلاحات نافذ کرنے کے لئے تیار ہے۔
فرانسیسی ریڈیو "آر.ایف.آئی” کے مطابق، اس وقت مراکش کی سڑکوں پر یہ نعرہ گونج رہا ہے: "سب سے پہلے صحت، ہمیں ورلڈ کپ نہیں چاہیے!”
یہ نعرہ ظاہر کرتا ہے کہ عوام اسپتالوں اور اسکولوں کی ابتر حالت کے مقابلے میں 2030 کے ورلڈ کپ کی میزبانی پر آنے والے بھاری اخراجات سے سخت نالاں ہیں۔
تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے اپنے وعدے پورے نہ کئے تو نوجوان نسل کا یہ احتجاج ملک کے حالیہ برسوں کا سب سے بڑا سماجی بحران بن سکتا ہے۔