کیا تمام کافر جہنم میں جائیں گے؟
کیا تمام کافر جہنم میں جائیں گے؟
ایک عیسائی انجینئر نے مرحوم آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد حسینی شیرازی رضوان اللہ تعالی علیہ سے دوران گفتگو پوچھا:
کیا آپ یہ مانتے ہیں کہ جو شخص اسلام پر ایمان نہ لائے وہ جہنم میں جائے گا؟
آپ نے جواب دیا: جو لوگ اسلام پر ایمان نہیں لاتے انکی 2 قسمیں ہیں:
1. ایک گروہ وہ ہے جو اسلام کی حقانیت سے ناواقف ہیں، اور اسی وجہ سے ایمان نہیں لاتے۔ ایسے لوگ قیامت کے دن دوبارہ آزمائے جائیں گے؛ اگر اس الٰہی امتحان میں کامیاب ہو گئے تو جنت میں جائیں گے اور اگر ناکام رہے تو جہنم میں جائیں گے۔
2. دوسرا گروہ وہ ہے جو اسلام کو نہیں مانتا، لیکن جہالت کی بنا پر نہیں؛ بلکہ وہ اسلام کو پہچان چکے ہیں اور اس کی حقانیت جانتے ہیں، مگر ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایمان نہیں لاتے۔ ایسے لوگ معاند ہیں اور اگر توبہ نہ کریں تو جہنم میں جائیں گے۔
عیسائی انجینئر نے کہا: تو کیا اس طرح لاکھوں عیسائی جہنم میں جائیں گے؟
مرحوم آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد حسینی شیرازی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: میں نے ایسا نہیں کہا۔ بلکہ میں نے کہا کہ معاند عیسائی (جو جان بوجھ کر اور علم کے باوجود اسلام کو نہیں مانتے) جہنم میں جائیں گے۔ لیکن وہ لوگ جو قاصر ہیں (یعنی نہیں جانتے کہ اسلام حق ہے) ان کا امتحان قیامت کے دن ہوگا، اور زیادہ تر عیسائی بھی انہی میں شامل ہیں۔
اس مسیحی نے کہا: میں نے یہ بات آج تک کسی اور سے نہیں سنی، بلکہ بہت سے لوگوں سے یہی سنا کہ سارے عیسائی جہنم میں جائیں گے!
مرحوم آیت اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: جو بات میں نے کہی، یہی تمام مسلمانوں کا نظریہ ہے۔ جو انہوں نے اپنے عقائد اور فلسفہ کی کتابوں میں لکھا ہے۔
ماخوذ از کتاب کیف و لماذا أسلموا؟ (کیوں اور کیسے مسلمان ہوئے؟)
آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد شیرازی، ص 18