7 ربیع الاول کو حضرت ولی عصر عجل اللہ فرجہ الشریف کی والدہ ماجدہ حضرت نرجس خاتون سلام اللہ علیہا کے نام سے آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے منسوب کیا
آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے 7 ربیع الاول کو حضرت ولی عصر عجل اللہ فرجہ الشریف کی والدہ ماجدہ حضرت نرجس خاتون سلام اللہ علیہا کے یادگار دن کے طور پر منسوب کیا۔
معظم لہ نے اس عظیم بی بی کی یاد منانے کو شعائر الہی کی تعظیم کا مظہر اور دلوں کے تقوی کی علامت قرار دیا اور اس موقع پر خصوصی پروگرامز کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سلسلہ میں ہمارے ساتھی رپورٹر کی رپورٹ پر توجہ دیں۔
دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے معظم لہ کے دستخط شدہ پیغام کو شائع کرتے ہوئے حضرت بقیۃ اللہ الاعظم عجل اللہ فرجہ الشریف کی والدہ ماجدہ حضرت نرجس خاتون سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبہ کے احترام کی اہمیت اور ضرورت پر تاکید کی۔
اس پیغام میں آیا ہے: "ہمارے آقا و مولا حضرت بقیۃ اللہ الاعظم عجل اللہ فرجہ الشریف کی والدہ ماجدہ کی تعظیم درحقیقت ان کے نیک اولاد اور ان کے بزرگوں کی تعظیم و تکریم ہے اور یہ عمل شعائر الہی میں سے ایک اور تقوی اور پرہیزگاری کا نمونہ ہے۔
معظم لہ نے مومنین سے یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہ وہ امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی والدہ ماجدہ کی عظمت کی یاد میں اجتماعات منعقد کریں، فرمایا: یہ عمل دلوں کے تقوی کی علامت ہے۔ اللہ تعالی اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے والوں کو کامیابی عطا فرمائے، ایسے امور کی انجام دہی میں ان کی کامیابیوں میں اضافہ فرمائے، ان کے اعمال کو قبول فرمائے اور ہم دنیا و اخرت میں ان کے اجر میں شریک ہوں۔
اگرچہ تاریخی منابع میں حضرت نرجس خاتون سلام اللہ علیہا کی وفات کی صحیح تاریخ ذکر نہیں ہے اور اس بارے میں مختلف نظریات ہیں۔
بعض محققین نے شیخ صدوق رحمتہ اللہ علیہ کی کتاب "کمال الدین” کے حوالے سے روایت بیان کی کہ ان کی وفات امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے بعد واقع ہوئی ہے جبکہ بعض نے امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت سے پہلے ان کی وفات کو بیان کیا ہے۔
اسی سلسلہ میں مومنین کے مطالبہ پر امام حسین علیہ السلام میڈیا کمپلیکس کے شعبہ تعلقات عامہ نے اعلان کیا: 7 ربیع الاول کو یعنی امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم شہادت سے ایک دن پہلے اس کمپلیکس کے پروگرامس کیلینڈر میں حضرت نرجس خاتون سلام اللہ علیہا کی یادگار دن کے طور پر درج کیا گیا ہے اور اس عظیم بی بی کے اعلیٰ مقام کا تعارف اور وضاحت کے لئے مختلف زبانوں میں مختلف پروگرامس تیار کئے گئے ہیں۔
اسی طرح تمام مومنین اور ناظرین کو بھی دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اس عظیم بی بی کی یاد اور مقام و مرتبے کی تعظیم کے لئے خصوصی اجتماعات اور کانفرنسز منعقد کریں اور حضرت نرجس خاتون سلام اللہ علیہا کو تاریخ کی ایک مثالی ماں اور لڑکیوں اور نوجوان خواتین کے لئے ایک بہترین رول ماڈل کے طور پر تعارف کرائیں۔
حضرت نرجس خاتون سلام اللہ علیہا نہ صرف حضرت عیسی علیہ السلام کے وصی شمعون کی نسل سے ایک پاکیزہ عیسائی خاتون تھیں بلکہ اہل بیت علیہم السلام کی رہنمائی میں ایمان، علم اور روحانیت کے اعلیٰ درجات پر فائز ہوئیں۔
وہ احکام الہی کے سامنے سر تسلیم خم کرنے، ولی خدا سے محبت اور مشکلات کے مقابلے میں استقامت کی مثال تھیں۔
یہ بی بی اعلیٰ اخلاقی، علمی اور روحانی کمالات کے ساتھ تاریخ امامت میں ایک خاص مقام رکھتی ہیں، کیونکہ ان کے بے مثال تقوی اور پاکیزگی کے سبب وہ امام حسن عسکری علیہ السلام کی زوجہ اور امام مہدی علیہ السلام کی والدہ ہونے کے لائق تھیں جو ان کے روحانی مقام و مرتبہ کی عکاسی کرتا ہے۔
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا دستخط شدہ پیغام مندرجہ ذیل ہے۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اللہ تعالی کا ارشاد ہے
"وَمَن يُعَظِّمْ شَعَائِرَ اللَّهِ فَإِنَّهَا مِن تَقْوَى الْقُلُوبِ” اور جو بھی شعائر الہی کی تعظیم کرے گا یہ تعظیم اس کے دل کے تقویٰ کا نتیجہ ہوگی۔
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ اور ان کے اہل بیت کے شعائر، شعائر الہی ہیں اور ہر وہ چیز جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ اور ان کے اہل بیت علیہم السلام کے احترام پر دلالت کرتی ہو وہ دینی شعائر ہیں۔ لہذا ہمارے آقا و مولا حضرت بقیۃ اللہ الاعظم عجل اللہ فرجہ الشریف کی والدہ ماجدہ کی تعظیم درحقیقت ان کے پاکیزہ وجود اور ان کے آبائے طاہرین علیہم السلام کی تجلیل ہے۔ اس لئے اس عمل کو شعائر الہی اور تقوی کی مثال سمجھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ شعائر کے مصادیق کا ادراک صرف معصومین علیہم السلام کے دور تک محدود نہیں ہے بلکہ جب بھی موضوع آئے گا تو وہی حکم جاری ہوگا۔ لہذا ان مناسبتوں کی یاد منانا دلوں کے تقوی کی علامت ہے۔ اللہ تعالی ان مجالس و محافل کو منعقد کرنے والوں کو کامیابی عطا کرے، ان کی توفیقات میں اضافہ فرمائے، ان کے اعمال کو قبول فرمائے اور ہمیں دنیا و آخرت میں ان کے ثواب میں شامل فرمائے۔
یوم ولادت باسعادت حضرت جواد الائمہ علیہ السلام
صادق الشیرازی
10 رجب المرجب۔ قم مقدس