پاکستان: کراچی میں پٹاخوں کے گودام میں آگ لگنے سے اموات 6 ہوگئیں، پریڈی تھانے میں مقدمہ درج
پاکستان: کراچی میں پٹاخوں کے گودام میں آگ لگنے سے اموات 6 ہوگئیں، پریڈی تھانے میں مقدمہ درج
کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر پٹاخے بنانے کے گودام میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے اموات کی تعداد 6 تک پہنچ گئی، جبکہ 33 افراد زخمی ہوئے ہیں، پریڈی تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر پٹاخے بنانے کے گودام میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے متاثر ہونے والی عمارت کے ملبے سے مزید 2 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
نکالی جانے والی ایک لاش کی شناخت 45 سالہ شہزاد کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے شخص کی شناخت تاحال ممکن نہ ہو سکی، واقعے میں مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 تک پہنچ گئی ہے۔
دھماکوں کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، قریب موجود گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جب کہ گودام میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں نےقابو پایا۔
پولیس نے گودام کے مالکان کو شامل تفتیش کر لیا ہے، جب کہ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کاکہنا ہے کہ شہری علاقوں میں ایسے گوداموں کی اجازت نہیں ہے، ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب ایم اے جناح روڈ کے قریب پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کا مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل بالسبب، دھماکا خیز مواد آتش گیر مادے اور غفلت برتنے کی دفعات شامل ہیں۔
پریڈی تھانے میں درج مقدمے کے متن کے مطابق گودام مالک حنیف اور ایوب کو نامزد کیا گیا ہے، ملزم حنیف زخمی ہوکر ہسپتال میں زیر علاج ہے، جب کہ ایک ملزم فرار ہوچکا ہے۔