ایشیاءخبریں

سری لنکا کے سابق صدر ریاستی فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار

سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کو ریاستی فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جمعے کو رانیل وکرما سنگھے (Ranil Wickremesinghe) کو محکمہ سی آئی ڈی نے ریاستی فنڈز کے غلط استعمال کے الزامات کے سلسلے میں گرفتار کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 76 سالہ وکرما سنگھے کو اُس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ کولمبو میں سی آئی ڈی کے دفتر لندن دورے سے متعلق بیان ریکارڈ کروانے پہچنے۔

یہ دورہ انہوں نے اپنی اہلیہ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے کیا تھا۔

تاہم سری لنکن پولیس کے ترجمان نے فوری طور پر گرفتاری کی تصدیق نہیں کی اور وکرما سنگھے کے دفتر کی طرف سے بھی کوئی تصدیقی یا تردید شدہ بیان سامنے نہیں آیا۔

وکرما سنگھے سری لنکا کے چھ بار وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ انہیں 2022 میں سری لنکا کے شدید مالی بحران کے دوران صدر بنایا گیا تھا۔

یونائیٹڈ نیشنل پارٹی (UNP) کے سربراہ وکرما سنگھے نے اس وقت سری لنکا کا صدارتی منصب سنبھالا جب معاشی بدحالی کے نتیجے میں ہونے والے وسیع عوامی احتجاج نے سابق سری لنکن صدر گوٹابایا راجا پکشے کو ملک بدر کرنے اور بعد ازاں استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا تھا۔

ایک نمایاں سیاسی اور کاروباری خاندان میں پیدا ہونے والے وکرما سنگھے کو 1978 میں ان کے چچا، اس وقت کے صدر جونیئس جے وردھنے نے 29 سال کی عمر میں ملک کا سب سے کم عمر کابینہ وزیر مقرر کیا تھا۔

سنہ 1994 میں جب پارٹی کے کئی سینئر رہنما قتل ہوئے، تب وکرما سنگھے نے یونائیٹڈ نیشنل پارٹی کی قیادت سنبھالی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button