شہداء کربلا نے اپنی قربانیوں سے حق و صداقت کو سربلند کیا: آغا سید حسن الصفوی
انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام اور صدرِ تنظیم حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی قیادت میں 25 صفر المظفر کو درگنڈ بمنہ میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ مجلس عزاء اور جلوسِ عزاء کا انعقاد عمل میں آیا، صبح سے شام تک جاری رہنے والے اس عظیم الشان اجتماع میں تنظیم کے ذاکرین نے مرثیہ خوانی کے ذریعے امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
درگنڈ بمنہ میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے والہانہ انداز میں ان اجتماعات میں شرکت کی اور اپنے عقیدت و وابستگی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صدرِ انجمنِ شرعی شیعیان حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کربلا نے اسلام کی بقاء اور انسانیت کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تاریخِ بشریت میں عزم و استقامت کی ایک لازوال مثال قائم کی۔ ان برگزیدہ ہستیوں نے ظلم و جبر کے سامنے جھکنے کے بجائے اپنی قربانیوں سے حق و صداقت کو سربلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجالسِ عزاء شہدائے کربلا کی یاد کو زندہ رکھنے اور پیغامِ کربلا کو دنیا تک پہنچانے کا ایک موثر اور بامقصد ذریعہ ہیں۔ عزاداری ہمیں ظلم کے خلاف کھڑا ہونے، صبر و استقامت کے ساتھ زندگی گزارنے اور اتحاد کے ساتھ حق کی راہ پر گامزن رہنے کا درس دیتی ہے۔
انہوں نے ملت کے تمام ذمہ دار افراد اور عزاداروں پر زور دیا کہ وہ بیدار رہیں، عزاداری کو اتحاد، صبر اور عزیمت کے ساتھ آگے بڑھائیں اور پیغامِ شہدائے کربلا کو عملی زندگی میں اپنا کر نسل در نسل منتقل کریں۔