زائرین پر پابندی کے خلاف ایم ڈبلیو ایم اور دیگر تنظیموں کا لاہور پریس کلب پر احتجاج
زائرین پر پابندی کے خلاف ایم ڈبلیو ایم اور دیگر تنظیموں کا لاہور پریس کلب پر احتجاج
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر لاہور میں مختلف شیعہ تنظیموں کی جانب سے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں کے علاوہ شیعہ علماء کونسل پاکستان، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان، مختلف قافلہ سالاروں اور عزادار تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کی جبکہ شیعہ علما کونسل کے قاسم علی قاسمی اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ حسن رضا ہمدانی سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔
شرکاء نے اپنے مطالبات کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے، جبکہ مظاہرے کا مقصد ملت تشیع کے مسائل کو اجاگر کرنا اور حکام بالا کی توجہ ان کے حل کی جانب مبذول کرانا تھا۔
مظاہرین نے زائرین امام حسینؑ کیلئے زمینی راستے بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ زمینی راستے فوری کھولے جائیں اور زائرین کو سکیورٹی فراہم کی جائے۔