مشکلات میں جینے کا سلیقہ سکھایا امام سجاد علیه السلام نے
مشکلات میں جینے کا سلیقہ سکھایا امام سجاد علیه السلام نے: مولانا سید اشرف الغروی
لکھنؤ۔ امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم شہادت پر دفتر نمائندگی آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ لکھنؤ میں مجلس عزا منعقد ہوئی۔
مجلس عزا کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، مولانا سید قسیم حیدر نقوی، مولانا محمد علی اور مولانا سید محمد حسین رضوی نے بارگاہ اہل بیت علیہم السلام میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی صاحب قبلہ نے قرآن کریم کے سورہ الزخرف کی آیت 81 "آپ کہہ دیجئے! کہ اگر خدائے رحمٰن کی کوئی اولاد ہوتی تو سب سے پہلا عبادت گزار میں ہوتا۔” کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا: امام زین العابدین علیہ السلام عبادت گزاروں کی زینت اور ان کے سردار ہیں۔ البتہ جن کی عبادت پر خود امام زین العابدین علیہ السلام نے فخر کیا وہ مولا علی علیہ السلام ہیں۔
مولانا سید اشرف علی الغروی نے گریہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا: گریہ کا تعلق انسان کی فطرت سے ہے، متعدد روایات موجود ہیں جو امام حسین علیہ السلام پر گریہ کی اہمیت کو بیان کرتی ہیں۔
مولانا سید اشرف علی الغروی نے کوفہ اور شام میں امام زین العابدین علیہ السلام کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا: اگر انسان غمزدہ ہو، مشکلات میں گرفتار ہو تو اس کے لئے درست فیصلہ کرنا ممکن نہیں رہتا۔ لیکن امام زین العابدین علیہ السلام نے ایسے حالات میں وہ گفتگو اور اقدامات فرمائے ہیں جو ہمیں مشکلات میں جینے کا سلیقہ سکھاتے ہیں۔
بعد مجلس مولانا سید قیصر عباس رضوی الہ آبادی نے نوحہ خوانی کی اور حاضرین نے سینہ زنی کی۔