رامبن میں خوفناک سڑک حادثہ، چار افراد جاں بحق، دو لوگ زخمی
رامبن میں خوفناک سڑک حادثہ، چار افراد جاں بحق، دو لوگ زخمی
رامبن: جموں و کشمیر کے رامبن ضلع میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثے میں چار لوگوں کی موت ہوگئی جب کہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ دو لوگوں کی موقعے پر ہی موت ہوگئی۔ یہ سبھی افراد ایک ٹاٹا سومو میں اکھرال سے سینابٹ لنک روڈ جا رہے تھے۔
حادثہ آج شام اس وقت پیش آیا جب ضلع رامبن کی تحصیل سینابتی تحصیل پوگل پارستان کے قریب ایک سومو سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔ حادثہ سینابتی لنک روڈ پر پارستان میں مدینہ مسجد پہاڑی کے قریب پیش آیا اور گاڑی لنک روڈ سے پھسل کر تقریباً 500 فٹ نیچے جا گری۔ بعد ازاں ریسکیو کر کے زخمیوں کو پی ایچ سی اکھرال میں داخل کرایا گیا اور حادثے کی شکار گاڑی کو کھائی سے باہر نکالا گیا۔ حادثہ اس قدر شدید اور خوفناک تھا کہ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے۔
بی ایم او اکھرال ڈاکٹر عبدالرحمٰن نے صحافی کو بتایا کہ کل چھ لوگوں کو پی ایچ سی اکھرال لایا گیا جن میں سے دو لوگوں کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ سی اکھرل میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد چار زخمیوں کو ایس ڈی ایچ بانہال ریفر کیا گیا جہاں دو مزید لوگ زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، اس طرح مرنے والوں کی تعداد چار ہوگئی۔ باقی دو افراد کا علاج جاری ہے۔