افغانستان
افغان شہریوں کو غیرقانونی ویزے جاری کرنے کا اسکینڈل، ایف آئی اے کے دو اہلکار گرفتار
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کو غیر قانونی ای ویزا جاری کرنے کے معاملے میں ملوث سب انسپکٹر وسیم احمد اور کانسٹیبل عاقب محمود کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں اہلکار اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں تعینات تھے اور انہوں نے ایک گرفتار ملزم زبیر سے دورانِ جسمانی ریمانڈ 20 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی۔
اہلکاروں نے رشوت کے بدلے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے دونوں اہلکاروں کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک 4 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔ جے آئی ٹی کی سربراہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان خلیل کو سونپی گئی ہے۔