سوڈان میں آر ایس ایف کے ڈرون حملے میں 8 عام شہری جاں بحق
سوڈان میں آر ایس ایف کے ڈرون حملے میں 8 عام شہری جاں بحق
سوڈان کی نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) نے شمالی دارفور کے محصور شہر الفاشیر میں ایک پناہ گاہ پر ڈرون حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 8 عام شہری جاں بحق ہو گئے۔ مقامی حکام کے حوالے سے میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ پناہ گاہ میں درجنوں افراد تشدد سے بچنے کے لیے پناہ لیے ہوئے تھے۔
الفاشیر دارفور کا وہ آخری بڑا شہر ہے جو ابھی تک آر ایس ایف کے قبضے سے باہر ہے، لیکن شہر پر مسلسل گولہ باری کی جا رہی ہے کیونکہ آر ایس ایف اس خطے میں اپنی طاقت مستحکم کرنا چاہتی ہے۔ یہ تنازعہ اپریل 2023 سے جاری ہے، جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور دنیا کا سب سے بڑا غذائی و نقل مکانی کا بحران پیدا ہو چکا ہے۔
الفاشیر میں پانچ سال سے کم عمر تقریباً 40 فیصد بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں، جب کہ بنیادی ڈھانچہ، خاص طور پر صحت کی سہولیات، بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق الفاشیر اور اس کے آس پاس کے کیمپوں سے تقریباً 7,80,000 افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جو کہ سوڈان میں مجموعی طور پر ایک کروڑ داخلی طور پر بے گھر افراد میں شامل ہو چکے ہیں۔ آر ایس ایف کی جانب سے دارفور کے بیشتر علاقوں پر کنٹرول کے باعث مواصلاتی نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔