مرکز نے وقف قانون کے نئے ضوابط اور دیگر تفصیلات جاری کیں
مرکز نے وقف قانون کے نئے ضوابط اور دیگر تفصیلات جاری کیں
مرکزی حکومت نے ۳ جولائی کو "یونیفائیڈ وقف منجمنٹ، ایمپاورمنٹ، ایفیشنسی اینڈ ڈیولپمنٹ رولز، ۲۰۲۵ء” کے تحت وقف جائیدادوں کے پورٹل اور ڈیٹا بیس، ان کی رجسٹریشن کے طریقہ کار، آڈٹ کے انعقاد اور کھاتوں کے انتظام وغیرہ سے جڑے نئے قوانین کا اعلان کیا ہے۔ یہ قواعد وقف ایکٹ ۱۹۹۵ء کی دفعہ ۱۰۸(ب) کے تحت بنائے گئے ہیں۔ یہ دفعہ وقف (ترمیمی) ایکٹ ۲۰۲۵ء کے ذریعے شامل کی گئی تھی، جو ۸ اپریل ۲۰۲۵ء کو نافذ ہوا۔ نیا قانون مرکزی حکومت کو وقف اثاثوں کا انتظام کرنے اور بیواؤں، طلاق یافتہ خواتین اور یتیموں کو مدد فراہم کرنے کے قواعد بنانے کی اجازت دیتا ہے۔
ڈیجیٹل پورٹل اور ڈیٹابیس
قواعد کے مطابق، وقف املاک کا ریکارڈ رکھنے کیلئے ایک ڈجیٹل پورٹل اور ڈیٹابیس کا استعمال کیا جائے گا جو وزارت اقلیتی امور (وقف ڈویژن) کے جوائنٹ سکریٹری کے زیر انتظام ہوگا۔ ہر وقف اور جائیداد کو ایک منفرد شناختی نمبر دیا جائے گا۔ اس سے ہر ریاست میں تمام وقف املاک کو ٹریک کرنے اور ان کا انتظام کرنے میں آسانی ہوگی۔ ہر ریاستی حکومت کو ایک سینئر افسر (جوائنٹ سکریٹری یا اس سے اوپری درجہ کا) کو نوڈل آفیسر کے طور پر مقرر کرنا ہوگا۔ وہ ایک مرکزی سپورٹ یونٹ قائم کریں گے۔ یہ یونٹ وقف املاک کی تفصیلات اپ لوڈ کرنا، ریکارڈ برقرار رکھنا، آڈٹ کرنا اور وقف بورڈ کے ساتھ تعاون جیسے امور انجام دے گا۔
متولیوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن ضروری
وقف کا انتظام کرنے والے شخص، جسے متولی کہا جاتا ہے، کو اپنے موبائل نمبر اور ای میل کا استعمال کرتے ہوئے پورٹل پر رجسٹریشن کرانا ہوگا۔ وہ عمل مکمل کرنے کیلئے ایک ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) حاصل کریں گے۔ رجسٹریشن کے بعد، وہ تمام وقف اور جائیداد کی تفصیلات اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔
نئے قوانین کے مطابق، اگر کسی جائیداد کو غلطی سے وقف قرار دیا جاتا ہے، تو ایک سرکاری افسر کو ڈسٹرکٹ کلکٹر کے ریفرنس کے ایک سال کے اندر انکوائری مکمل کرنی ہوگی۔ ریاستی حکومتوں کو ایک سروے کے ب وقف املاک کی فہرست شائع کرنی ہوگی جس میں ہر جائیداد کی شناخت اور حدود، اس کا استعمال اور اس پر قبضہ کی تفصیلات، وقف بنانے والے شخص کی تفصیلات، تاریخ اور مقصد اور موجودہ متولی اور جائیداد کا انتظام کیسے کیا جاتا ہے، جیسی تفصیلات شامل ہوگی۔ یہ فہرست سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے ۹۰ دنوں کے اندر وقف پورٹل پر اپ لوڈ کی جانی چاہئے۔ نئے قانون کے نافذ ہونے کے بعد بنائے گئے کسی بھی نئے وقف کو تین ماہ کے اندر وقف بورڈ کے ساتھ رجسٹریشن کیلئے درخواست دینی ہوگی۔
قواعد یہ بھی بتاتے ہیں کہ وقف آمدنی سے بیواؤں، طلاق یافتہ خواتین اور یتیموں کو مالی مدد کیسے فراہم کی جائے۔ اس کے علاوہ، وقف کے کھاتے رکھنے، آڈٹ کرنے اور رجسٹروں کو صحیح طریقے سے برقرار رکھنے کیلئے واضح اقدامات بھی درج ہیں۔ طے کرتے ہیں۔