اسلامی دنیاایرانخبریںمقدس مقامات اور روضے

ولادت باسعادت امام علی رضا علیہ السلام کے موقع پر روضہ مبارک کی خوبصورت سجاوٹ، پھولوں سے مہک اٹھا مشہد مقدس


ہر سال کی طرح امسال بھی امام علی رضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے پُر مسرت موقع پر مشہد مقدس میں واقع روضہ مبارک کو پھولوں اور خوشنما پودوں سے دیدہ زیب انداز میں سجایا گیا۔ اس موقع پر روضہ مقدس کی فضائیں روحانیت اور خوشبو سے معطر ہوگئیں، جبکہ زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اس روحانی لمحے کو مزید پرکیف بنا دیا۔

اس موقع پر ایران کے شمالی شہروں چابکسر، تنکابن اور رامسر سے تعلق رکھنے والے پھولوں اور پودوں کے کاشتکاروں پر مشتمل ایک خصوصی قافلہ امام رضا علیہ السلام کی بارگاہ میں پھولوں کا نذرانہ لے کر پہنچا۔ یہ قافلہ بدھ کے روز، 7 مئی کو مشہد مقدس میں وارد ہوا، جہاں روضہ مبارک کے خادمین نے اُن کا پُرجوش استقبال کیا۔

قافلے کے شرکاء نے بارگاہ امام رضا علیہ السلام میں عقیدت کے ساتھ پھول اور پودے پیش کیے، جسے خدام نے نہایت احترام کے ساتھ وصول کر کے روضہ مبارک کی سجاوٹ میں شامل کیا۔ یہ سلسلہ ان روایات کا تسلسل ہے جن کے تحت اہل ایمان امام علی رضا علیہ السلام کی ولادت کے موقع پر عقیدت و محبت کا اظہار پھولوں کے ذریعے کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں، مرجع راحل آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد حسینی شیرازی رحمۃ اللہ علیہ کے قائم کردہ "مدرسہ امام علی رضا علیہ السلام” میں بھی زائرین، علماء و طلاب کے لیے قیام کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، تاکہ وہ اس مبارک موقع پر روحانی فیوض و برکات سے فیضیاب ہو سکیں۔

روضہ مبارک کی سجاوٹ اور قافلوں کی آمد نے مشہد مقدس کو جشن ولادت کا منظر بنا دیا، جہاں ہر جانب عقیدت، محبت اور خوشی کا سماں تھا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button