
لکھنو۔ شاہی آصفی مسجد میں 2 مئی 2025 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب لکھنو کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: میں اپنے آپ کو اور آپ تمام حضرات کو تقوی الہی اختیار کرنے کی نصیحت کر رہا ہوں، پروردگار ہم سب کو توفیق دے کہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں نور تقوی رہے، اس سے ڈرتے رہیں اور یہ احساس رہے کہ کوئی طاقت ہے جو ہمیں دیکھ رہی ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مصافحہ کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا: امام محمد باقر علیہ السلام نے فرمایا: "مصافحہ کرنا ملائکہ کی سنت ہے۔” ملائکہ ہماری طرح کھاتے پیتے نہیں ہیں لیکن مصافحہ کرتے ہیں۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے سلام اور مصافحہ کی اہمیت کو مزید واضح کرتے ہوئے کہا: امام محمد باقر علیہ السلام سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "جب اپنے بھائی سے ملو، جب ملاقات کرو تو اسے سلام کرو اور مصافہ کرو۔ اللہ نے مصافحہ کے ذریعہ سے ملائکہ کو عزت دی ہے تو تم وہ کام کرو جو ملائکہ کرتے ہیں۔”
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے روایت بیان کرتے ہوئے فرمایا: جب دو مومن ایک دوسرے سے ملتے ہیں، سلام کرتے ہیں اور مصافحہ کرتے ہیں تو اللہ کی رحمت نازل ہوتی ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مومنین کے راز کو فاش کرنے سے روکتے ہوئے فرمایا: روایت میں ہے کہ جب دو مومن ایک دوسرے سے گفتگو کرتے ہیں تو اللہ ملائکہ سے کہتا ہے کہ ان کے پاس سے ہٹ جاؤ، اللہ سب کچھ جانتا ہے لیکن وہ نہیں چاہتا کہ مومنین کے راز سے ملائکہ بھی واقف ہوں۔ لہذا مومنین کے راز کو فاش کرنا مذموم ہے، اس سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے تحفظ اوقاف کے سلسلہ میں فرمایا: جس طرح ہم اپنی جائیداد کو بچانے کے لئے پوری کوشش کرتے ہیں اسی طرح ہمیں امام حسین علیہ السلام کی جائیداد یعنی اوقاف سے لاپرواہ نہیں ہونا چاہیے۔ یاد رکھیں کہ حق اہل بیت علیہم السلام جس نے بھی کھایا ہضم نہیں کر سکا۔ چاہے وہ کتنا بڑا نمازی کیوں نہ ہو اور نیک کام انجام دے۔