
شمال مشرقی چین میں ایک ریستوران میں آتش زدگی کے واقعے میں 22 افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے بتایا کہ آگ آج دوپہر لیاؤننگ صوبے کے لیاؤیانگ شہر کے ایک رہائشی علاقے میں واقع ایک ریستوران میں لگی، سی سی ٹی وی کی رپورٹ مزید کہا گیا کہ ’ اس واقعے میں 22 افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔’
سی سی ٹی وی نے بتایا کہ صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں ’ بڑی تعداد میں ہلاکتیں’ ہوئی ہیں اور اس واقعے سے حاصل ہونے والا سبق ’ انتہائی سنگین’ہے ۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چینی صدر نے ’ زخمیوں کے علاج کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے، مرنے والوں کے لواحقین کے لیے مناسب انتظامات اور ان کی مدد کرنے، آگ لگنے کی وجہ کا فوری تعین اور قانون کے مطابق جوابدہی کرنے’ کی ہدایت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے آتشزدگی کی وجہ نہیں بتائی، لیکن کہا کہ صدر شی جن پنگ نے اسے ’ ایک گہرا سبق آموز’ واقعہ قرار دیا ہے۔
آن لائن شیئر کی گئی اور اے ایف پی کی تصدیق شدہ فوٹیج میں دو منزلہ ریستوران کو شعلوں میں گھرا ہوا اور دھواں آسمان کی طرف اٹھتا ہوا دکھایا گیا ہے۔
چین کے ٹاک ٹاک کے چینی ورژن Douyin پر شائع ہونے والی دیگر تصدیق شدہ ویڈیوز میں پیرامیڈکس ایک زخمی کو اسٹریچر پر ایمبولینس میں ڈالتے ہوئے اور کئی فائر فائٹرز کو ہوز پائپوں سے شعلوں سے لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بلندی سے بنائی گئی ایک اور ویڈیو میں ایک درجن سے زائد فائر انجن ریستوران کے باہر کھڑے دکھائے گئے ہیں۔
لیاؤننگ کی صوبائی حکمران جماعت کی کمیٹی کے سیکرٹری ہاؤ پینگ نے بتایا کہ 22 فائر ٹرک اور 85 فائر فائٹرز کو جائے وقوعہ پر تعینات کیا گیا تھا، ہاؤ پینگ نے کہا کہ جائے وقوعہ پر امدادی کام مکمل کر لیا گیا ہے اور لوگوں کو ریسکیو کر گیا ہے۔
چین میں عمارتوں کے ناقص ضابطوں اور جائے کار کی حفاظت کے لیے اکثر لاپرواہی کے سبب خطرناک آتش زدگی کے واقعات عام ہیں۔
چین میں حالیہ مہینوں میں آتش زدگی کے کئی خطرناک واقعات رونما ہوئے ہیں، اس ماہ کے شروع میں، شمالی چین کے صوبہ ہیبی میں ایک نرسنگ ہوم میں لگنے والی آگ میں 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
جنوری میں، بیجنگ کے شمال مغرب میں واقع شہر ژانگ جیاکو میں ایک سبزی منڈی میں لگنے والی آگ میں8 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔
اس سے ایک ماہ قبل، مشرقی چین کے شہر رونگچینگ میں ایک تعمیراتی سائٹ پر لگنے والی آگ میں 9 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔