کدو: قدرتی غذائیت سے بھرپور سبزی، صحت کے کئی رازوں کا خزانہ

جدید دور میں فاسٹ فوڈز، چائنیز کھانے اور بازاری پکوانوں نے ہماری روزمرہ کی غذا سے سبزیوں اور دالوں کو تقریباً باہر نکال دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف قسم کی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں اور ہر دوسرا شخص کسی نہ کسی مسئلے کا شکار نظر آتا ہے۔
قدرت نے سبزیوں اور پھلوں میں بے شمار غذائی خزانوں کو چھپا رکھا ہے جو انسانی صحت کے لیے نہایت مفید ہوتے ہیں۔ انہی نعمتوں میں ایک کم پسندیدہ مگر بے حد فائدہ مند سبزی کدو بھی شامل ہے۔ ذائقے کی وجہ سے بعض افراد اسے ناپسند کرتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ کدو غذائیت سے بھرپور ایسی سبزی ہے جو مختلف بیماریوں سے بچاؤ اور مجموعی صحت کے لیے بے حد فائدہ مند ہے۔
آئیے جانتے ہیں کہ کدو ہماری صحت پر کس طرح مثبت اثرات مرتب کرتا ہے:
کدو میں پائے جانے والے طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس جیسے ایلفا کیروٹین، بیٹا کیروٹین اور بیٹا کریپٹوکسانتھن فری ریڈیکلز کو بے اثر کرتے ہیں۔ یہ فری ریڈیکلز اگر قابو میں نہ آئیں تو آکسیڈیٹو اسٹریس پیدا کرتے ہیں، جو دل کی بیماریوں اور کینسر جیسے سنگین امراض کی ایک بڑی وجہ بنتا ہے۔ کدو ان خطرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

کدو میں موجود بیٹا کیروٹین انسانی جسم میں وٹامن اے میں تبدیل ہو جاتا ہے، جو آنکھوں کی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے۔ مختلف تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ بیٹا کیروٹین اور وٹامن اے کا زیادہ استعمال بینائی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ موتیا کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ وٹامن سی اور ای بھی آنکھوں کے خلیات کو نقصان سے بچاتے ہیں۔
کدو میں وٹامن اے اور وٹامن سی کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے، جو جسم میں موجود سفید خون کے خلیات کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں۔ یہ خلیات جسم کو انفیکشن اور بیماریوں سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یوں کدو کا استعمال قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے میں مؤثر ہے۔
کدو میں موجود کیروٹینائڈز جیسے ایلفا کیروٹین اور بیٹا کیروٹین نہ صرف آنتوں اور معدے کے کینسر سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں بلکہ یہ دیگر اقسام کے کینسر کے خطرات کو بھی کم کرتے ہیں۔ صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ کدو کا باقاعدہ استعمال ایک قدرتی حفاظتی ڈھال ثابت ہو سکتا ہے۔
کدو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے نہایت فائدہ مند سبزی ہے۔ اس میں موجود میگنیشیم جسم میں انسولین کے مؤثر استعمال میں مدد دیتا ہے اور بلڈ شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مددگار ہوتا ہے۔ اس طرح کدو خون میں شوگر لیول کو کنٹرول کرنے میں مثبت کردار ادا کرتا ہے۔
کدو ایک ایسی سادہ، مگر بے حد فائدہ مند سبزی ہے جسے اگر ہماری روزمرہ غذا میں شامل کر لیا جائے تو یہ نہ صرف ہمیں کئی بیماریوں سے بچا سکتی ہے بلکہ مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ہو سکتی ہے۔ قدرت کی اس نعمت کو نظرانداز نہ کریں، اور اسے اپنی خوراک کا حصہ بنا کر ایک صحت مند زندگی کی طرف قدم بڑھائیں۔