مولانا ولی الحسن کے انتقال پر حوزہ علمیہ ابوطالب علیہ السلام میں تعزیتی جلسہ

لکھنو۔ معروف عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ولی الحسن رضوی مرحوم کے انتقال پر حوزہ علمیہ ابو طالب علیہ السلام میں بانی حوزہ علمیہ مولانا سید سیف عباس نقوی وكیل مرجع عالی قدر جھان تشیع حضرت آیت اللہ العظمی سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے زیر صدارت تعزیتی جلسہ منعقد ہوا۔
مولانا سید سیف عباس نقوی نے مولانا سید ولی الحسن رضوی اور ان کے خانوادہ کی دینی اور علمی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کی رحلت کو ایک دینی اور قومی نقصان بتایا۔
مولانا مصطفی علی خان ادیب الہندی نے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید ولی الحسن مرحوم کی دینی اور علمی شخصیت پر گفتگو کی، ان کے قلمی آثار کا تذکرہ کرتے ہوئے اچانک رحلت کو علمی نقصان بتایا۔
تعزیتی جلسہ میں شریک حوزہ علمیہ ابو طالب علیہ السلام کے اساتذہ، طلاب اور دیگر مومنین نے مولانا ولی الحسن مرحوم کے اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کی اور ان کے بلندی درجات کے لئے سورہ فاتحہ و توحید کی تلاوت کی۔