غزوۂ بدر توکل بر خدا اور احکامِ رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ پر عمل کا عملی نمونہ ہے: علامہ سید ساجد علی نقوی

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 17 رمضان المبارک کی مناسبت سے فتح جنگِ بدر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ غزوۂ بدر توکل بر خدا اور رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ کے احکام و پالیسیوں پر صدق دل سے عمل کرنے کا ایک واضح مظاہرہ ہے۔ یہ معرکہ ہمیں سکھاتا ہے کہ کس طرح اصحابِ بدر نے اپنی قلیل تعداد اور وسائل کی کمی کے باوجود اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ کے حکم پر اطاعت کی اور کسی قسم کی ہچکچاہٹ کے بغیر قربانی پیش کرنے کے لیے خود کو آمادہ رکھا۔ وہ یقینِ کامل کے ساتھ شہادت کو قبول کرتے رہے اور دینِ اسلام کے دفاع کے لیے ہر ممکن قربانی دینے سے دریغ نہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں اگر مسلمان اصحابِ بدر کی مانند سچے جذبے اور کامل ایمان کے ساتھ اسلام اور مسلمانوں کے دفاع کے لیے یکجا ہوجائیں، اور دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے استقامت اختیار کریں، تو دنیا کی کوئی طاقت اسلام کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید فرمایا کہ محافظِ رسالت، امیر المؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے جس شجاعت، بہادری اور دلیری کے ساتھ میدانِ بدر میں کفار کا مقابلہ کیا اور دشمنانِ اسلام کو جہنم واصل کیا، وہ ہر مجاہد اور حریت پسند کے لیے ایک روشن مثال اور نمونۂ عمل ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس لازوال قربانی کو مشعلِ راہ بنائیں اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اسی جذبے اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھیں۔