"خونی چاند" – رمضان کے وسط میں نایاب فلکیاتی مظہر

دنیا بھر میں 14 مارچ 2025 کو مکمل چاند گرہن ہوگا، جو ماہِ رمضان کی پندرہویں شب کے ساتھ موافق ہوگا۔ یہ اعلان تیونس کے قومی فلکیاتی رصدگاہ نے کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ گرہن مکمل طور پر نظر نہیں آئے گا، البتہ اس کے ابتدائی مراحل کو سورج طلوع ہونے سے قبل دیکھا جا سکے گا۔ چاند گرہن کا آغاز صبح 4 بج کر 57 منٹ پر ہوگا، جب چاند زمین کے نیم سایے میں داخل ہونا شروع کرے گا، تاہم صبح 6 بج کر 33 منٹ پر چاند کے غروب ہونے کی وجہ سے مکمل گرہن نظر نہیں آئے گا۔
فلکیاتی نقشوں کے مطابق یہ مکمل چاند گرہن جنوبی امریکہ، بحر اوقیانوس اور افریقہ کے کچھ حصوں میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔ جبکہ شمالی افریقہ، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کے عوام صرف گرہن کے ابتدائی مراحل کو چاند کے غروب ہونے سے قبل دیکھ پائیں گے۔
اس دوران، جب چاند مکمل گرہن میں داخل ہوگا، تو وہ سرخ رنگ میں تبدیل ہو جائے گا، جسے "خونی چاند” (Blood Moon) کی فلکیاتی اصطلاح دی جاتی ہے۔ یہ رنگ دراصل سورج کی شعاعوں کے زمینی کرۂ ہوائی سے گزرنے کے بعد بکھرنے کے نتیجے میں پیدا ہوتا ہے۔ اس نایاب فلکیاتی منظر کو دنیا بھر میں فلکیاتی دلچسپی رکھنے والے افراد بے صبری سے دیکھنے کے منتظر ہیں۔