اسلامی دنیاپاکستانخبریں

پاكستان : سوات اور نوشہرہ میں فائرنگ اور خودکش حملہ، مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے سیدو شریف میں اللہ اکبر مسجد کے اندر فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ ریجنل پولیس افسر (آر پی او) مالاکنڈ شیر اکبر خان کے مطابق، فائرنگ کرنے والے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا اور تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) سوات ناصر محمود نے ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر کہا کہ واقعے میں دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے اور ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں، جو چند روز قبل اپنی بہن کو بھی قتل کر چکا تھا۔

دوسری جانب، خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں واقع دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا حامد الحق سمیت 6 افراد مارے گئے اور 20 زخمی ہوئے۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق، یہ ایک ٹارگٹڈ حملہ تھا، جس میں مولانا حامد الحق نشانہ تھے۔ دھماکہ جمعہ کی نماز کے بعد ہوا اور پولیس کے مطابق حملہ آور نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی جبکہ نوشہرہ اور پشاور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ حکومت اور مختلف شخصیات نے اس حملے کی مذمت کی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button