خبریںدنیاعلم اور ٹیکنالوجی

جنوبی افریقہ میں بجلی کا بحران، شدید لوڈ شیڈنگ کا اعلان

جنوبی افریقہ شدید بجلی بحران سے دوچار ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں طویل اور سخت لوڈ شیڈنگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ بجلی کی قلت کے سبب بڑے شہروں سمیت کئی علاقوں میں اچانک بجلی کی بندش نے عوام اور کاروباری طبقے میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔

قومی توانائی کمپنی ایسکوم کے مطابق، ملک کے تین بڑے کول پاور پلانٹس میں تکنیکی خرابیوں کے سبب بجلی کی شدید قلت ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں اسٹیج 6 لوڈ شیڈنگ نافذ کر دی گئی ہے۔ اسٹیج 6 کے تحت، ہر چار دن میں بارہ مرتبہ بجلی بند کی جائے گی، اور ہر بار چار گھنٹے تک معطلی رہے گی۔

وزیر توانائی نے اس صورتحال کو ’’ناقابل قبول‘‘ قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس مسئلے کے فوری حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ تاہم، یہ بحران ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب جنوبی افریقہ میں جی 20 کے سفارتکاروں کی میٹنگ جاری ہے، جس سے حکومت کو بین الاقوامی سطح پر سبکی کا سامنا ہے۔

ایسکوم نے تسلیم کیا کہ بجلی کی غیر یقینی صورتحال ملک کی معیشت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ جنوبی افریقہ اپنی 80 فیصد بجلی کوئلے سے پیدا کرتا ہے، مگر بدعنوانی، ناقص انتظامات اور بنیادی ڈھانچے کی خراب دیکھ بھال نے بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button