اسلامی دنیاایشیاءپاکستانخبریں

مجالس دین و علوم آل محمد علیہم السلام  کو فروغ دینے کا بہترین پلیٹ فارم ہے: آیۃ اللہ حافظ ریاض نجفی

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدرآیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ ہم بحیثیت مسلمان چاہے سنی ہوں یا شیعہ قرآن سے دور ہو گئے ہیں۔ ہمارے بچے سب کچھ پڑھ لیتے ہیں لیکن قرآن مجید کا ترجمہ نہیں پڑھتے۔ قرآن مجید سے دور ہونے کی وجہ سے ہم بحیثیت امت کمزور ہو گئے ہیں۔

سب سے اہم چیز قرآن ہے ،خدارا اہل ایمان قرآن سے دوری اختیار نہ کریں،قرآن کے مطابق اولاد کی تربیت ہماری ذمہ داری ہے ،توجہ کریں، نہیں تو قیامت کے دن سب پکڑے جائیں گے۔ فلسطین پرکتنا ظلم ہوا ہے لیکن مسلمان کچھ نہیں کر سکے ۔ دشمن نے عراق اور افغانستان پر حملے کیے اسلامی ممالک نے کچھ نہ کیا تو ان میں جرات پیدا ہوگئی کہ جہاں چاہے حملہ کر دیں، امت کی طرف سے کوئی ردعمل نہیں آئے گا۔

حافظ ریاض نجفی نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہماری مجالس عزا صرف فضائل و مصائب تک محدود ہو گئی ہیں۔علمی اور تبلیغی مجالس دین محمدی اور علوم آل محمد کو فروغ دینے کا بہترین پلیٹ فارم ہے مگر ان مجالس اور محافل کو فضائل امام علی علیہ السلام اور مصائب امام حسین علیہ السلام تک محدود کردیا گیا ہے، ہماری مجالس میں قرآن مجید برائے نام پڑھا اور سنا جاتا ہے، تفسیر قرآن ہو یا قرآن کا درس ہو بہت کم پایا جاتا ہے۔

وفاق المدارس کے صدر نے کہا کہ اگر ذلالت اور گمراہی سے نکلنا ہے تو تلاوت کلام پاک اور تزکیہ نفس کو عام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سورہ مبارکہ جمعہ میں کتاب کی تلاوت اور تزکیہ نفس کے بارے میں ہی کہا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button