شام میں یکم مارچ کو نئی حکومت کے قیام کا اعلان
![](https://shiawaves.com/urdu/wp-content/uploads/sites/5/2025/02/12211454af4ff4a.jpg)
شام کے وزیر خارجہ اسد الشیبانی نے ملک میں اگلے ماہ نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسد لشیبانی نے بدھ کو ایک انٹریو کے دوران کہا کہ بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے بعد عبوری حکومت ملک چلارہی تھی تاہم یکم مارچ کو نئی حکومت تشکیل دے دی جائے گی۔
شام کے وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے موقع پر کہا ’یکم مارچ کو شروع ہونے والی حکومت میں عوام کی زیادہ سے زیادہ نمائندگی شامل ہوگی اور اس میں متنوع آبادی کو مدنظر رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ اقتدار پر قبضہ کرنے والے باغیوں نے محمد البشیر کی سربراہی میں ایک عبوری حکومت قائم کی تھی تاکہ کثیر نسلی اور کثیر القومی ملک کو یکم مارچ تک چلایا جاسکے۔
گزشتہ ماہ بشار الاسد کا تختہ الٹنے والے باغیوں کی قیادت کرنے والے حیات تحریر الشام گروپ (ایچ ٹی ایس) کے رہنما احمد الشرع کو عبوری صدر مقرر کیا گیا تھا۔
انہیں ایک عبوری قانون ساز اسمبلی تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی جس میں اسد دور کی پارلیمنٹ تحلیل ہو گئی تھی جس میں باتھ پارٹی بھی شامل تھی جس نے کئی دہائیوں تک شام پر حکومت کی تھی۔
ہیئت تحریر الشام گروپ اور دیگر دھڑے تحلیل ہو چکے ہیں اور ان کے جنگجوؤں کو مستقبل کی قومی قوت میں ضم کیا جائے گا۔
رواں ماہ کے اوائل میں ایک انٹرویو میں احمد الشرع نے کہا تھا کہ انتخابات کے انعقاد میں 5 سال تک کا وقت لگ سکتا ہے۔