کولمبیا کے صدر نے امریکہ میں بغیر قانونی حیثیت کے کام کرنے والے اپنے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنی ملازمت ترک کر دیں اور جلد ازجلد اپنے ملک لوٹ جائیں۔ کولمبیا کے صدر گوستاؤ پیٹرون نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’دولت صرف ملازمت کرنے والے افراد کی جانب سے آتی ہے۔ کولمبیا میں سماجی دولت بنائیے۔‘‘بائیں بازو کے صدر نے کہا کہ ان کی حکومت ان کی پیشکش کو قبول کر کےگھر لوٹنے والے افراد کو لون فراہم کرے گی اور کاروبار شروع کرنے کے اپنے ایک پروگرام میں شامل بھی کرے گی۔‘‘
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے تارکین وطن کے معاملے پر تنازع ہونے کے بعد پیٹرو نے یہ بیان جاری کیا ہے ۔ قبل ازیں پیٹرو نے اپنے ایک پوسٹ میں ٹرمپ انتظامیہ پر غیر قانونی طریقے سے امریکہ میں داخل ہونے والے افراد کے ساتھ انہیں ہتھکڑیاں پہنا کر فوجی طیاروں کے ذریعے لاطینی امریکہ بھیج کر بدسلوکی کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ وٹنیس ایڈ بارڈر، جو فلائٹ ڈیٹا کو ٹریک کرتا ہے، کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ’’۲۰۲۰ء سے ۲۰۲۴ء تک امریکہ سے ملک بدری کی۴۷۵؍ پروازیں قبول کی ہیں جو گوئٹے مالا، ہونڈوراس، میکسیکو اور ایل سلواڈور کے بعد پانچویں نمبر پر ہے۔‘‘اس نے۲۰۲۴ء میں ملک بدری کی۱۲۴؍ پروازیں قبول کیں۔