طاہر جرولی ہال سمیت متعدد مساجد اور امام بارگاہوں میں جشن زینب سلام اللہ علیہا منعقد ہوا۔
لکھنو۔ راجہ جی پورم کے ٹکیٹ رائے تالاب واقع شبیہ روضہ زینبیہ کی ثانی زہرا محفل کمیٹی کے زیر اہتمام فاتحہ کوفہ و شام عالمہ غیر معلمہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جمعہ 31 جنوری کو بعد نماز ظہرین روضہ زینبیہ کے طاہر جرولی ہال میں کل ہند محفل مقاصدہ بعنوان جشن مسرت زیر صدارت مولانا سید عمار کاظم جرولی منقد ہوا۔ جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔
مولانا سید رضا حسین امام جمعہ عالم نگر مسجد نے محفل فضائل سے خطاب کیا۔
مولانا سید عمار کاظم جرولی نے صدارتی تقریر کرتے ہوئے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے سلسلہ میں فرمایا: میں اپنی امت کے حاضر و غائب کو حکم دیتا ہوں کہ اس بیٹی کی حرمت کا خیال رکھیں درحقیقت یہ خدیجہ کبری کی طرح ہیں۔ متعدد مورخین نے ذکر کیا ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام اپنی بہن حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے لئے خاص احترام کا خیال رکھتے تھے یہاں تک کہ جب آپ تشریف لاتیں تو امام حسین علیہ السلام ان کی تعظیم کے لئے کھڑے ہو جاتے اور انہیں اپنی جگہ بٹھاتے تھے۔
اس جشن مسرت میں مقامی اور بیرونی شعراء نے بارگاہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ یکم شعبان کو روایت کے مطابق حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا یوم ولادت منایا جاتا ہے لہذا اسی مناسبت سے شہر کی مختلف مساجد اور امام بارگاہوں میں جشن مسرت منعقد ہوا۔