امیر المومنین امام المتقین غالب کل غالب مطلوب کل طالب مولانا علی ابن ابی طالب علیہ الصلوۃ والسلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر ہندوستان بھر میں عاشقان مولا علی علیہ السلام نے انتہائی عقیدت و احترام سے محفلیں اور نذر منعقد کر کےخوشیاں منائیں۔
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کی کربلا شاہ مرداں میں جشن مولود کعبہ منعقد ہوا، اسی طرح مصطفی آباد، مسجد باب العلم، مزار شہید رابع، حیدری ہال سمیت تمام مساجد اور امام بارگاہوں میں جشن ولادت منعقد ہوا اور مومنین کے گھروں میں نذر کا اہتمام ہوا۔ جنمیں مومنین و مومنات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اسی طرح حیدرآباد میں بھی تمام مساجد، عاشور خانوں اور مومنین کے گھروں پر جشن امیر المومنین منعقد ہوا اور نذر مولا کا اہتمام ہوا۔
ممبئی میں جشن امیر المومنین علیہ السلام حسب روایت تمام امام بارگاہوں اور مساجد میں منعقد ہوا اسی کے ساتھ ساتھ قدیمی جلوس مسرت بھی برآمد ہوا۔
لکھنو میں قدیمی محفل مسجد تحسین علی خاں میں منعقد ہوئی جس میں اولا شعراء نے بارگاہ امیر کائنات میں کلام پیش کیا بعدہ مولانا مرزا یعسوب عباس نے تقریر کی، شیعہ یتیم خانہ لکھنو کا قدیمی جشن مولانا سید عمار کاظم جرولی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اسی طرح کالا امام باڑا پیر بخارا میں محفل منعقد ہوئی جسے مولانا سید علی ہاشم عابدی نے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ مومنین کے گھروں پر بھی محافل منعقد ہوئیں اور نذر امیر المومنین علیہ السلام کا اہتمام ہوا جس میں مومنین و مومنات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
بلرام پور ضلع میں شیعوں کے علاوہ اہل سنت نے بھی امیر المومنین علیہ السلام کا یوم ولادت دھوم دھام سے منایا اور جلوس مسرت نکالا۔
المختصر پورے ہندوستان میں جہاں بھی محبان علی علیہ السلام رہتے ہیں وہاں کی فضا خوشگوار اور مسرت بخش نظر آئی۔