پاراچنار کے مظلومین کی حمایت میں کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاجی دھرنے جاری
پاراچنار میں جاری ڈھائی ماہ کے محاصرے، اشیائے خورد و نوش اور ادویات کی قلت، اور بے گناہ افراد کے قتل عام کے خلاف کراچی کے نمائش چورنگی پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے مرکزی احتجاجی دھرنا شروع کر دیا گیا۔ یہ دھرنا سربراہ ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر منعقد کیا گیا ہے۔
دھرنے سے قبل ایک ریلی محفل شاہ خراسان سے نکالی گئی جس کی قیادت صوبائی نائب صدر علامہ مختار احمد امامی، ڈیژنل صدر علامہ صادق جعفری، اور دیگر علما کرام نے کی۔ نمائش چورنگی پہنچنے کے بعد دھرنے کا آغاز ہوا، جہاں نماز مغربین باجماعت ادا کی گئی اور اجتماعی دعا کی گئی۔ مظاہرین کی بڑی تعداد دھرنے میں شرکت کر رہی ہے، اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں یہ احتجاجی دھرنے پاراچنار میں جاری دھرنے سے منسلک ہیں۔ پاراچنار میں مظاہرین سخت سردی کے باوجود 5 روز سے دھرنا دیے ہوئے ہیں، جہاں راستوں کی بندش کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہیں۔ لوئر کرم میں ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کی بندش نے اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا کر دی ہے، جس کے خلاف شہری کشیدگی کے خاتمے اور حالات معمول پر لانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں دھرنوں کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک پاراچنار کے مظاہرین کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے۔ احتجاجی تحریک کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ پاراچنار کے عوام کو انصاف اور بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔