پاراچنار کی صورتحال پر قائدین سے ملاقات، انسانی المیہ پر اظہار تشویش
پاراچنار کے عمائدین اور انجمن حسینیہ کے اراکین نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی اور چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے الگ الگ ملاقاتیں کرکے علاقے کی ابتر صورتحال سے آگاہ کیا۔ عمائدین نے کرم میں راستوں کی بندش، ادویات کی قلت اور معصوم بچوں کی شہادتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات میں انجمن حسینیہ پاراچنار کے سیکرٹری جلال حسین بنگش، ایم پی اے علی ہادی، حاجی سردار حسین اور حاجی نذیر حسین نے وفد کی قیادت کی۔ ملاقات میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ بھی موجود تھے۔ وفد نے قائد ملت کو علاقے میں انسانی المیہ اور متاثرہ خاندانوں کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی، غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا، اور حکومت پر زور دیا کہ وہ راستے کھولنے اور عوام کو بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
اسی طرح، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے جامعۃ الکوثر میں ملاقات کے دوران پاراچنار کے مشران اور انجمن حسینیہ کے وفد نے اپنی شکایات پیش کیں۔ اس موقع پر علامہ انور علی نجفی، علامہ شیخ شفاء نجفی، علامہ عارف واحدی، ایم این اے حمید حسین طوری، اور مولانا تجمل حسین بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے پاراچنار میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور متاثرہ افراد کے حق میں حکومتی سطح پر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ کرم کے عوام اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہیں اور انہیں طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری حکومتی مداخلت کی ضرورت ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھی اہل کرم کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔