اسلامی دنیاپاکستانخبریں

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات میں 10 افراد جان بحق

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات میں خاتون اور بچے سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق گلستان جوہر پرفیوم چوک کے قریب گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 45 سال کا نوید جاں بحق ہوا۔

گلبائی کے قریب ٹریلر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے خاتون اور اس کا بیٹا جاں بحق ہوا جب کہ شوہر زخمی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 35 سال کی شبانہ اور ایک سال کے زوہان کے نام سے ہوئی ہے۔

قیوم آباد جام صادق پل پر ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 18 سال کا راج جاں بحق ہوا، صدر لکی اسٹار کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 60 سال کا معروف جاں بحق ہوا۔

ناگن چورنگی کے قریب پک اپ گاڑی کے پول سے ٹکرانے سے اس کا ڈرائیور ہلاک ہوا جس کی شناخت 36 سال کے شوکت علی کے نام سے ہوئی ہے۔

بلدیہ حب ریورروڈ پر موٹرسائیکل سلپ ہوگئی، حادثے میں موٹر سائیکل سوار 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ سائٹ ایریا اور ناظم آباد پل پر بھی حادثات میں 2 افراد جان سےگئے ۔

دوسری جانب کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ کراچی میں رواں سال اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں 479 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ روز شہری مارے جا رہے ہیں۔ رواں سال حادثات میں 401 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، گزشتہ دنوں سے ان حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔

جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ رواں سال ٹریفک حادثات سے متعلق 345 مقدمات درج ہوئے ہیں۔ شہر میں ترقیاتی کاموں کے سبب ہیوی ٹریفک کی آمدورفت بڑھی ہے۔ ہیوی ٹریفک کے خلاف چلان بڑھایا جائےگا۔ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔کوشش کریں گے ٹریفک حادثات کو کم کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button