خبریںہندوستان

حکومت و انتظامیہ کو چاہیے وقف املاک سے ناجائز قبضوں کو فورا ہٹائے: مولانا سید کلب جواد نقوی

لکھنو۔ کشمیری محلہ واقع ایم ایچ ہال میں تحفظ اوقاف کانفرنس کا اہتمام ہوا۔ اس کانفرنس کی صدارت شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کے رکن اور عالم نگر کے امام جمعہ مولانا سید رضا حسین رضوی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا شاہد حسینی نے انجام دیا۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔

مولانا سید کلب جواد نقوی جنرل سکریٹری مجلس علماء ہند و امام جمعہ لکھنو نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: وقف ترمیمی بل میں غیر مسلم افراد کو شامل کئے جانے کی ہم سخت مخالفت کرتے ہیں اس سے وقف کی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے ہندوستان میں وقف املاک پر ہو رہے ناجائز قبضوں کی ہم سخت مخالفت کرتے ہیں اور حکومت وہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وقت املاک سے ناجائز قبضوں کو فورا ہٹائے ورنہ ہم اس کے خلاف ملک گیر سطح پر تحریک شروع کریں گے۔

مولانا سید کلب جواد نقوی نے لکھنو میں واقع وقف املاک پر ہو رہے ناجائز قبضوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے ناجائز قبضوں کو فورا ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے خصوصی طور سے ہردوئی روڈ واقع کربلا عباس باغ میں جس طرح سے پولیس و انتظامیہ کی شہ پر ناجائز قبضے کئے گئے ہیں اور تعمیراتی کام ہو رہے ہیں اس کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم جلد ہی اس کے خلاف ایک تحریک شروع کریں گے۔

اس کے علاوہ کانفرنس میں شریک دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔ اس کانفرنس میں مولانا سید رضا حیدر زیدی پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب لکھنو، مولانا منظر علی عارفی، مولانا تسنیم مہدی، مولانا حسن جعفر، مولانا احمد علی نقوی، مولانا غلام رضا، مولانا قسیم بجنوری، مولانا شباہت حسین رضوی، ڈاکٹر حیدر مہدی، صارم مہدی وغیرہ نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button