ایشیاءخبریں

انڈونیشیا: جنوری ۲۰۲۵ء سے ملک بھر میں ہزاروں کچن کا افتتاح

انڈونیشیا میں اگلے سال یعنی جنوری ۲۰۲۵ءمیں ملک بھر میں ہزاروں کچن کا افتتاح کیا جائے گا جس کا مقصد ملک میں غذائی قلت کو ختم کرنا ہے۔

اس پروگرام کے ذریعے پہلے مرحلے میں ۲۰؍ ملین طلبہ کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔

انڈونیشیا کے نو منتخب صدر پرابوو سوبیانتو کی قیادت میں آنے والی حکومت نے اپنے ملٹی بلین ڈالر کے مفت کھانے کے پروگرام کو کا آغاز کیا ہے۔ پرابوو۲۰؍ اکتوبر کو انڈونیشیا کے نئے صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔

ان کے منصوبے کے پہلے مرحلے میں، جنوری سے تقریباً۲۰؍ ملین طلبہ کو۷۱؍ ٹریلین روپیہ کی لاگت سے کھانا دیا جائے گا۔ اس کا مقصد ملک میں غذائی قلت کو ختم کرنا ہے نیز مفت کھانے کےپروگرام کے ذریعے حاملہ خواتین سمیت ۸۳؍ملین وصول کنندگان اس سے استفادہ کرسکیں گے اور اس کی سالانہ لاگت تقریباً ۲۸؍ بلین ڈالر ہوگی۔

نیشنل نیوٹریشن ایجنسی کے سربراہ دادن ہندیانہ نے ایک سرمایہ کاری فورم کو بتایا کہ۲۰۲۷ء میں ۳۰؍ ہزار یونٹس تک پہنچنے سے پہلے اگلے سال `’سروس یونٹس‘ کہلانے والے کم از کم۵؍ ہزارکچن قائم کئےجائیں گے۔ دادن نے کہا کہ یہ یونٹ نہ صرف ایک باورچی خانے کے طور پر کام کرے گا بلکہ مقامی زرعی مصنوعات کے خریدار کے طور پر بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ یونٹس۱۰؍ لاکھ سے زیادہ نئی ملازمتیں پیدا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غذائیت کی ایجنسی مقامی کسانوں سے خوراک حاصل کرنے کو ترجیح دے گی اور دستیابی کی بنیاد پر مینو کو بھی ایڈجسٹ کرے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button