7 اکتوبر 2023 سے 7 اکتوبر 2024 ایک سال، مشرق وسطی میں نتائج اور چیلنجز
7 اکتوبر 2023 سے ایک سال ہونے والے ہیں، وہ دن جس دن مشرق وسطی میں شدید تنازعات کا آغاز ہوا۔ اس عرصہ کے دوران غزہ میں 41 ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور لاکھوں افراد انسانی اور سماجی بحرانوں کی وجہ سے بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہمارے ساتھی رپورٹر کی رپورٹ پر توجہ دیں.
7 اکتوبر 2023 مشرق وسطی میں شدید تنازعات کا آغاز ہوا۔ جس کے نتائج آج بھی لاکھوں لوگوں کی زندگیوں پر منڈلا رہے ہیں، گذشتہ ایک سال میں غزہ اور ان تنازعات سے متاثر ہونے والے دیگر علاقوں کے لوگوں کو متعدد انسانی اور سماجی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اطلاعات کے مطابق اس جنگ میں اب تک 41 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور تقریبا 15 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ لبنان میں تنازعات اور بد امنی کے باعث سینکڑوں افراد جاں بحق اور ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔
اس خطہ میں ابتر انسانی حالت اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی نے نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی تنقید میں اضافہ کیا ہے بلکہ مشرق وسطی میں امن و استحکام کے امکانات کو بھی مدھم کر دیا ہے۔ انفراسٹرکچر، خاص طور پر مذہبی اور تعلیمی مقامات کی وسیع پیمانے پر تباہی نے ان کمیونٹیز کی ثقافتی شناخت پر گہرے زخم چھوڑے ہیں۔ غزہ میں 8 ہزار سے زائد مساجد اور درجنوں تعلیمی اور صحت کے مراکز تباہ ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ اس خطہ میں تقریبا 20 لاکھ افراد کو پانی اور خوراک جیسی بنیادی خدمات تک رسائی حاصل نہیں ہے اور بہت سے خاندانوں کے لئے حالات زندگی انتہائی مشکل ہو گئے ہیں۔اس صورتحال نے نہ صرف بین الاقوامی دباؤ اور انسانی رویوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی تنقید میں اضافہ کیا ہے بلکہ اس خطہ میں سیاسی اور سماجی اداروں میں اعتماد کے خاتمے کو بھی ہوا دی ہے۔
جیسے جیسے ان تنازعات کو ایک سال پورے ہونے والے ہیں مشرق وسطی میں امن و استحکام کے حصول کی امیدیں کم دکھائی دیتی ہیں۔ اس سلسلہ میں اسلامی ممالک اور عالمی برادری کی جانب سے یکجہتی اور مشترکہ اقدام کی ضرورت پہلے سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔اس بحران کا تسلسل خطہ میں سلامتی اور استحکام کے لئے نئے چیلنجز پیدا کرے گا اور انسانی صورتحال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت میں اضافہ کرے گا۔یہ حالات بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کے مراکز کی جانب سے وسیع تر ہم آہنگی اور فوری کاروائی کی ضرورت کو ظاہر کرتے ہیں۔