نائیجیریا کی ایک ریسکیو ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ شمالی نائیجیریا کی ریاست نائجر میں مسافروں اور مویشیوں کو لے جانے والے ایک ٹرک سے ٹکرانے کے بعد ایندھن کا ٹینکر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 52؍ افراد ہلاک ہو گئے۔اس حادثے کے سبب 50؍ مویشی زندہ جل گئے ہیں۔
نائیجیریا کی ریاست نائجر کی ریاستی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی یا سیما کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اتوار کی صبح پیش آنے والے اس حادثے کے بعد کارکنان ایک درجن سے زائد جلی ہوئی لاشوں کو دفن کر رہے ہیں۔ تصاویر میں حادثے کے بعد جلی ہوئی گاڑیاں بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔
نائجر سیما کے ترجمان ابراہیم حسینی نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہے کہ دھماکے اور حادثے کے بعد متاثرین کی اجتماعی تدفین کی جارہی ہے۔سیما نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک پیٹرول ٹینکر کی انسانوں اور مویشیوں کو لے جانے والے ٹرک سے ٹکر ہوگئی۔
نائجر کے ریاستی گورنر محمد عمرو باگو نے حادثے کی وجہ سے جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مقامی باشندوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔
خیال رہے کہ افریقہ میں ایندھن کے ٹینکروں کے دھماکے عام ہوچکے ہیں جہاں سڑکوں کے انتظامات ٹھیک نہیں ہیں۔ فیڈرل روڈ سیفٹی کمیشن (ایف آر سی ایس) کے مطابق 2023ء میں نائیجیریا میں سڑک حادثے کے سبب 5؍ ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 2022ءمیں سڑک حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ۶؍ ہزار ۵۰۰؍ تھی۔