ہندوستان :آصفی امام باڑہ سے عقیدت و احترام سے بر آمد ہوا 72 تابوت کا جلوس
"بہتر اے خدا والو، سلام اے کربلا والو” کی صداؤں سے فضا سوگوار
لکھنو۔ گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی 10 صفر المظفر 1446 ہجری سہ پہر میں حسینیہ آصف الدولہ مرحوم (بڑا امام باڑہ) میں مجلس عزا منعقد ہوئی، جسے مولانا سید تقی رضا صاحب نے خطاب کیا۔ بعدہ یکے بعد دیگرے 72 تابوت برآمد ہوئے، جس میں نقابت کے فرائض جناب ارم جون پوری نے انجام دئیے۔
گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی 72 تابوت کے جلوس میں لکھنؤ سمیت ریاست بھر سے ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں کی بھیڑ امڑی۔ واضح رہے کہ ہر سال 10 صفر المظفر کو لکھنو کے تاریخی حسینیہ آصف الدولہ بہادر (بڑا امام باڑہ) میں منعقد ہونے والا 72 تابوت کا جلوس مرد مومن سید شمس الحسن رضوی مرحوم نے 1986 میں انجمن شبیریہ شیش محل کی جانب سے قائم کیا تھا۔
جب نومبر 1991 میں 72 تابوت کے بانی سید شمس الحسن رضوی کا سڑک حادثے میں انتقال ہو گیا تو ان کے چھوٹے بھائی سید مہدی حسن رضوی مرحوم نے تاحیات اپنے مرحوم بڑے بھائی کی قائم کردہ اس پروگرام میں خدمت کی، ان کے انتقال کے بعد سید شمس الحسن مرحوم کے فرزند سید شبیہ الحسن (ببلو) اراکین انجمن شبیریہ کے شانہ بشانہ اس خدمت کو انجام دے رہے ہیں۔
72 تابوت کے جلوس میں پہلے سال نقابت کے فرائض معروف ناظم و شاعر سید ثقلین حیدر مرحوم نے انجام دیا تھا۔ اس کے بعد تا صحت معروف ناظم و شاعر سید قیصر نواب المعروف بہ قیصر جونپوری مرحوم نے انجام دیا، اسی طرح معروف ناظم شان اعظمی بھی دو تین برس یہ خدمت انجام دے چکے ہیں۔