روضہ امام حسین علیہ السلام میں متعلقہ محکموں کی جانب سے روضہ مقدس کے داخلی راستوں کو ہموار کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی روضہ امام حسین علیہ السلام اور روضہ حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے محرم الحرام میں شاندار طریقے سے عزاداری کے انعقاد کی ضروری تیاریوں اور انتظامات کو مدنظر رکھا گیا ہے اور اس سلسلے میں عزاداروں کے لئے داخلی راستوں کو ریت سے ہموار کیا گیا ہے۔
ذیل میں ہمارے ساتھی رپورٹر کی تیار کردہ رپورٹ پر توجہ دیں۔
روز عاشورا کی عزاداری کے پیش نظر روضہ امام حسین علیہ السلام اور روضہ حضرت عباس علیہ السلام کے داخلی دروازوں کو ریت سے ہموار کیا گیا۔
قمہ زنی اور عزاداری طویریج کے جلوس کے روضہ مبارک میں داخلے کو آسان بنانے کی خاطر ہر سال محرم کے ابتدائی ایام میں داخلی راستے کو ریت سے ہموار کیا جاتا ہے۔
ماہ محرم شروع ہوتے ہی عراق کے مختلف علاقوں اور دنیا کے مختلف ممالک سے شہدائے کربلا کی عزاداری میں شرکت کے لئے زائرین کربلائے معلی پہنچتے ہیں۔ لہذا امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضوں کے ذمہ داروں نے زائرین حسینی کی سہولت کے لئے تمام کوششیں کی ہیں۔
اسی مقصد سے روضہ امام حسین علیہ السلام کے ذمہ داروں نے اپنی تمام سہولتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ماہ محرم خاص طور سے شب عاشور اور روز عاشورہ کی عزاداری اور زیارت میں زائرین اور عزاداروں کو درپیش مشکلات اور مسائل کے حل کے لیئے وسیع پیمانے پر خدمات شروع کی ہیں۔ اس سلسلے میں روضہ امام حسین علیہ السلام کے متعلقہ تکنیکی محکمے تمام عزاداروں اور انجمنوں کے جلوسوں خاص طور سے عزاداری طویریج کے جلوس کے لئے روضہ مبارک کی طرف جانے والی سڑکوں اور زائرین کی رفت و آمد کی جگہوں خاص طور پر داخلی دروازوں کے اطراف کو مسلسل ہموار کر رہے ہیں۔