13 ذی الحجہ، یوم وفات آیۃ اللہ العظمی میرزا محمد تقی شیرازی
13 ذی الحجہ، یوم وفات آیۃ اللہ العظمی میرزا محمد تقی شیرازی ہے، آپ 1920 میں برطانوی استعمار کے خلاف ملت عراق کی تحریک انقلاب کے قائد تھے۔
آیۃ اللہ العظمی میرزا محمد تقی شیرازی المعروف بہ میرزای دوم یا میرزای کوچک عالم تشیع کے عظیم مرجع تقلید اور 1920 میں عراق میں برطانوی استعمار کے خلاف تحریک انقلاب کے قائد تھے، آپ مجاہدانہ اقدامات سے ہی اس وقت عراق کو برطانوی استعمار سے نجات ملی تھی۔
آیۃ اللہ العظمی میرزا محمد تقی شیرازی نے حوزہ علمیہ کربلا اور سامرا میں آیۃ اللہ العظمیٰ فاضل اردکانی، آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی تقی طباطبائی اور آیۃ اللہ العظمیٰ میرزا محمد حسن شیرازی رحمۃ اللہ علیہم جیسے عظیم علماء اور فقہاء سے کسب فیض کیا۔
میرزای بزرگ شیرازی آیۃ اللہ العظمیٰ میرزا محمد حسن شیرازی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی وفات حسرت آیات کے بعد آپ ملت اسلامیہ کے دینی اور سیاسی رہبر ہوئے، آپ شاگردوں کی تعلیم و تربیت میں مصروف تھے کہ آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد کاظم طباطبایی یزدی کی رحلت ہو گئی کہ جس کے بعد آپ عالم تشیع کے مرجع تقلید مطلق ہوئے۔
آپ ان مجاہد علماء میں سے تھے جو انگریزوں کی جارحیت کے خلاف کھڑے ہوئے اور انگریزوں کے خلاف جنگ کا فتوی آپ کے اہم ترین اقدامات میں سے تھا۔
اس قیام کا مقصد برطانوی حملہ آوروں کو بھگانا اور ایک آزاد حکومت قائم کرنا تھا۔ یہ جنگ فرات کے درمیانی حصوں اور کچھ دوسرے صوبوں جیسے ناصریہ میں انجام پائی۔ مورخین کے مطابق اکثر اہل سنت قبیلے اس قیام میں شامل نہیں ہوئے۔
مورخین نے 1920 کے علاقے انقلاب میں علماء اور دینی شخصیات کے کردار کو انتہائی اہم اور ضروری قرار دیا ہے۔ آیۃ اللہ العظمی میرزا محمد تقی شیرازی نے اس تحریک کی قیادت کی، آیۃ اللہ سید ابو القاسم کاشانی، آیۃ اللہ محمد علی ہبۃ الدین شہرستانی جیسے عظیم علماء نے اس انقلابی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، قبیلوں کے سرداروں کے خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں۔
اپنے ملک پر برطانوی قبضے کے بعد عراقی شیعوں نے شیعہ علماء اور فقہاء کی قیادت میں حملہ آوروں کے خلاف ایک زبردست تحریک چلائی۔ اگرچہ یہ انقلابی تحریک عراق کو مکمل آزادی نہ دلا سکی لیکن برطانوی حکومت کی پالیسیوں کی ناکامی اور عراق میں پہلی قومی حکومت کے وجود میں آنے کا سبب بنی۔
اس عظیم عالم نے اہم کتابیں تالیف فرمائی ہیں۔
آخر کار 13 ذی الحجہ 1338 کو آیۃ اللہ العظمی میرزا محمد تقی شیرازی رحمۃ اللہ علیہ کی نجف اشرف میں وفات ہوئی اور کربلا میں روضہ امام حسین علیہ السلام میں دفن ہوئے۔