نکاح جیسے معاملات میں بلوغ کے ساتھ ساتھ رشد بھی شرط : آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب معمول سنیچر 8 ذی الحجہ 1445 ہجری کو منعقد ہوا جس میں حاضرین نے مختلف فقہی مسائل سے متعلق سوالات پوچھے، جن کے آپ نے جوابات دئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی نے نو سال کی عمر کو پہنچنے والی لڑکیوں کے بالغ ہونے کے سلسلے میں فرمایا: اگر شارع مقدس نے شرعی احکام میں حد معین کی ہے تو وہ معین شدہ حد حجت شرعی ہے۔ لہذا اگر لڑکی نو سال کی ہو گئی ہے تو احکام شرعی کی پابندی اس کی ذمہ داری ہے، البتہ جب لڑکی مکلف ہو جائے تو دوسرے شرائط کی جانب بھی توجہ رکھنا ضروری ہے۔
معظم لہ نے دوسری شرطوں کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا: اگر لڑکی نو سال مکمل کر کے دسویں سال میں داخل ہو جائے تو اگر وہ رشیدہ نہیں ہے اوراس میں شعور و بصیرت کامل نہیں ہوئی ہے تو اگرچہ اس پر نماز واجب ہے، اگر نقصان نہ ہو تو روزہ بھی واجب ہے لیکن نکاح میں اس کی اجازت مفید اور معتبر نہیں ہے۔
موصوف نے بلوغ اور رشد کے مفہوم اور ان کے فرق کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: نکاح جیسے مسائل میں بالغ ہونے کے ساتھ ساتھ رشیدہ ہونا بھی شرط ہے لہذا اگر کوئی لڑکی رشیدہ نہیں ہے جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ ان سن و سال میں زیادہ تر لڑکیوں میں شرائط پائے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں عقد نکاح میں اس کی اجازت مفید و معتبر نہیں ہے اور اس کے ولی کی اجازت ضروری ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی نے بچیوں کے نو سال کی عمر میں شرعی لحاظ سے بالغ ہونے کے بعد ان پر عائد ذمہ داریوں کے سلسلے میں فرمایا: بالغ ہونے سے تمام شرعی واجبات کی ادائیگی لازم ہوتی ہے سوائے ان کاموں کے جو اس حکم سے خارج ہیں، جیسے رشد کہ جن کے سلسلے میں آیات و روایات میں خاص حکم ہے، یا اگر اس کے لیے حرج و ضرر ہو مثلا کمزوری کے سبب روزہ رکھنا اس کے لیے نقصان دہ ہو تو ایسی صورت میں روزہ رکھنا اس پر واجب نہیں ہے۔
معظم لہ نے فرمایا: لہذا اگر شارع مقدس نے کسی حد کو معین کیا ہے تو یہ حکم نافذ ہوگا سوائے ان صورتوں کے جہاں پر استثنیات ہوں، خاص استثنی جیسے رشد اور عام استثنا جیسے حرج و ضرر اور مشکل کا ہونا۔
آیۃ اللہ العظمی سید صادق حسینی شیرازی کہ علمی جلسے میں پوچھے گئے سوالات مندجہ ذیل ہیں۔ نکاح میں سفاہت کا حکم، غصبی جگہ پر نماز پڑھنا جب بعد میں مالک راضی ہو جائے، شراب سے متعلق احکام، سورہ نساء آیت نمبر 6، سورہ نمل آیت نمبر 82 کی شرح، حج کے بعض احکام وغیرہ۔
واضح رہے مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ ایران، قم، خیابان چہارمردان، کوچہ 6 میں واقع آپ کے دفتر میں ایرانی وقت کے مطابق صبح 10:45 بجے منعقد ہوتا ہے، اپ اس علمی جلسے میں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل یا فری کوئنسی 12073 سے دیکھ سکتے ہیں۔