گنگٹوک :شمالی سکم میں ایک بار پھر سیلاب نے تباہی مچادی ہے۔
لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے بھی حالات بدتر ہو گئے ہیں۔ بدھ کی صبح سے جاری بارش کے سبب بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں تشویشناک حالات پیدا ہو گئے۔ سڑک ٹوٹنے کی وجہ سے کئی سیاح پھنس گئے اور تیستا ندی میں آبی سطح بڑھنے سے اس کے قریب موجود گھر تاش کے پتوں کی طرح منہدم ہو گئے۔اس درمیان سکم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ نے ضلع انتظامیہ کو فوراً راحت و بچاؤ کے سبھی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پولیس کے مطابق امبی تھانگ (رنگرنگ کے پاس) تین لوگ لاپتہ ہو گئے ہیں۔ پکشیپ (منگن کے پاس) میں بھی دو لوگ لاپتہ ہوئے ہیں، جبکہ ایک لاش برآمد کی گئی ہے۔ گیتھانگ (جنگو) سے 3 گھروں کے ٹوٹنے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ نامتھانگ (پینٹوک، منگن کے پاس) میں بھی کئی گھر متاثر ہوئے ہیں اور سڑکیں رخنہ انداز ہو گئی ہیں۔ اس مشکل وقت میں سنکلانگ واقع پل کی بنیاد بھی متاثر ہوئی ہے اور شمال میں تو موبائل نیٹورک بھی کام نہیں کر رہا۔ ڈی آئی جی، اے پی سے ایک پلاٹون ایس اے پی۔ایس ڈی آر ایف ٹیم کو جلد از جلد منگن لے جانے کی گزارش کی گئی ہے۔